ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپیشل رپورٹس / بھٹکل میں 110 کے وی کے دوسرے بجلی سب اسٹیشن کا کام تین سال بعد تکمیل کے قریب؛ کیا اب چوبیس گھنٹے بجلی مل سکے گی؟

بھٹکل میں 110 کے وی کے دوسرے بجلی سب اسٹیشن کا کام تین سال بعد تکمیل کے قریب؛ کیا اب چوبیس گھنٹے بجلی مل سکے گی؟

Mon, 09 Nov 2026 19:31:57    I.G Bhatkali
بھٹکل میں 110 کے وی کے دوسرے بجلی سب اسٹیشن کا کام تین سال بعد تکمیل کے قریب؛ کیا اب چوبیس گھنٹے بجلی مل سکے گی؟

بھٹکل 8 / نومبر (ایس او نیوز)  بھٹکل میں مرڈیشور کے بعد اب ساگر روڈ پر دوسرا 110 کے وی بجلی سب اسٹیشن تعمیر کیا جارہا ہے۔ دسمبر 2023 میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ مختلف رکاوٹوں سے گزرتے ہوئے تقریباً تین سال بعد تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی توقع کی جارہی ہے کہ بجلی کی غیر یقینی فراہمی اور بار بار ہونے والی طویل کٹوتی سے پریشان بھٹکل کے عوام کو بڑی راحت ملے گی۔ تاہم اہم سوال یہ ہے کہ کیا نئے سب اسٹیشن کے قیام کے بعد واقعی بھٹکل میں چوبیس گھنٹے بلارکاوٹ بجلی کی فراہمی ممکن ہوپائے گی؟

یاد رہے کہ بھٹکل کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر منکال وئیدیا نے بھٹکل میں تنظیم کے ایک پروگرام کے بعد دبئی میں منعقدہ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے پروگرام میں بھی شرکت کے دوران ساگر روڈ پر تقریباً 28 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس بجلی سب اسٹیشن کے منصوبے سے متعلق معلومات فراہم کی تھیں۔ انہوں نے اس وقت دعویٰ کیا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد آئندہ 25 سال تک علاقے میں بجلی کا مسئلہ پیش نہیں آئے گا۔

کرناٹک پاور ٹرانسمیشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ٹی سی ایل) نے امید ظاہر کی ہے کہ دسمبر 2023 میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل ہوجائے گا۔ نئے سب اسٹیشن سے بجلی کی ترسیل کا نظام مستحکم ہونے اور بھٹکل میں بجلی کی بار بار ہونے والی کٹوتی پر قابو پانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

bhatkal-electric-110kv-sub-station-2

بھٹکل ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ کے مطابق، ضلع اُتر کنڑا میں بھٹکل تعلقہ بجلی کے استعمال اور ہیسکام کو ہونے والی آمدنی کے اعتبار سے پہلے مقام پر ہے۔ دوسرے نمبر پر کاروار ہے، جہاں بحریہ کے نیول بیس کی وجہ سے بجلی کی کھپت زیادہ ہے۔ اس کے باوجود بھٹکل میں گزشتہ دو دہائیوں سے بجلی کی ناقص فراہمی عوام کے لیے مسلسل پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔

گزشتہ برسوں میں بارش اور تیز ہواؤں کے بعد گھنٹوں بلکہ بعض اوقات ایک دو دن تک بجلی کی فراہمی متاثر رہنا معمول بن چکا تھا۔ تاہم رواں سال بارش نہایت کم ہونے کے باوجود بجلی کی کٹوتی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس دوران ہیسکام کی جانب سے اکثر یہی بتایا جاتا رہا کہ کمٹہ یا ہوناور میں مین لائن میں خرابی کے باعث بھٹکل کو بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ تہواروں اور اہم مواقع پر بھی بجلی کی کٹوتی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بجلی کی مسلسل شکایات کے بعد عوام متعدد مرتبہ ہیسکام دفتر کے سامنے احتجاج بھی کرچکے ہیں۔ ایسے مواقع پر حکام بھٹکل میں 110 کے وی سب اسٹیشن کی ضرورت کا حوالہ دیتے ہوئے بجلی کے مسئلے کے مستقل حل کی یقین دہانی کراتے رہے ہیں۔ اس معاملے پر عوامی نمائندوں پر بھی دباؤ بڑھتا رہا ہے اور موجودہ رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے بھی منصوبے کو تیزی سے آگے بڑھانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ساگر روڈ پر واقع سرکاری بس ڈپو کے قریب 110 کے وی سب اسٹیشن کی عمارت اور بنیادی تعمیراتی کام دسمبر 2024 تک تقریباً مکمل ہوچکا تھا، لیکن بجلی کے ٹاوروں اور ہائی ٹینشن تاروں کی تنصیب کے مرحلے میں مختلف رکاوٹیں سامنے آئیں۔

اطلاعات کے مطابق وینکٹاپور اور مرڈیشور علاقوں میں بعض افراد نے اس منصوبے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔ ان دونوں علاقوں میں اس سلسلے میں مجموعی طور پر تین مقدمات زیرِ سماعت ہیں، جن میں سے ایک معاملہ ہائی کورٹ کی ڈویژن بنچ میں زیرِ غور ہے۔

bhatkal-electric-110kv-sub-station-3

اس کے علاوہ کائیکنی علاقے میں دو اور بیلور میں تین مقامات پر مقامی لوگوں کی مخالفت کے باعث کام متاثر ہوا ہے۔ نتیجتاً مجموعی طور پر 16 کلومیٹر طویل 110 کے وی بجلی لائن میں سے اب تک 12 کلومیٹر لائن بچھائی جاچکی ہے، جبکہ مجوزہ 73 ٹاوروں میں سے 66 کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے۔

کے پی ٹی سی ایل اب عدالتی معاملے سے متاثرہ حصے کو چھوڑ کر دیگر مقامات پر باقی کام تیزی سے مکمل کرنے کے لیے پولیس کی مدد حاصل کرنے پر غور کررہا ہے۔

بھٹکل میں 110 کے وی سب اسٹیشن کے قیام کے ساتھ پڑوسی تعلقہ بیندور (ضلع اُڈپی) سے بھی 110 کے وی بجلی رابطہ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، تاکہ بھٹکل کو چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے نظام کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ تاہم اس منصوبے کے تحت فی الحال صرف سروے کا کام مکمل ہوا ہے اور اس پر عملی پیش رفت میں مزید وقت لگنے کا امکان ہے۔

کے پی ٹی سی ایل کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر پرمود گوڑا نے بتایا کہ بھٹکل کے 110 کے وی بجلی رابطے کا کام آئندہ دسمبر تک مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں صرف ایک معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے، جبکہ دیگر مقامات پر کام میں رکاوٹوں سے بچنے کے لیے پولیس کی مدد حاصل کی جائے گی۔

دوسری جانب بھٹکل ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ نے بتایا کہ عام طور پر ہر تعلقہ میں 110 کے وی کا ایک سب اسٹیشن ہوتا ہے، لیکن ضلع اُتر کنڑا میں بھٹکل واحد ایسا تعلقہ ہے جہاں مرڈیشور کے بعد اب ساگر روڈ پر بھی دوسرا 110 کے وی سب اسٹیشن قائم کیا جارہا ہے۔ ان کے مطابق ساگر روڈ کے سب اسٹیشن کی عمارت سمیت بیشتر تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے، تاہم بعض کاموں میں رکاوٹوں کے باعث تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ ایک سے دو ماہ میں تمام کام مکمل ہوجائے گا۔

Click here for report in English


Share: