ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / بھٹکل میں 27 نومبر سے شروع ہورہا ہے اسٹیٹ لیول کا شاندار کبڈی ٹورنامنٹ؛ تیاریاں آخری مراحل میں

بھٹکل میں 27 نومبر سے شروع ہورہا ہے اسٹیٹ لیول کا شاندار کبڈی ٹورنامنٹ؛ تیاریاں آخری مراحل میں

Wed, 25 Nov 2026 21:06:44    S O News
بھٹکل میں 27 نومبر سے شروع ہورہا ہے اسٹیٹ لیول کا شاندار کبڈی ٹورنامنٹ؛ تیاریاں آخری مراحل میں

بھٹکل 25/نومبر (ایس او نیوز) : شہر میں 27 سے 29 نومبر تک منعقد ہونے والے تین روزہ ریاستی سطح کے کبڈی ٹورنامنٹ کے لیے تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہیں، جبکہ شہر بھر میں اس کھیل کے بڑے مقابلے کو لے کر جوش و خروش کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔’گنڈابھیروُنڈا ٹرافی 2026‘ کے نام سے منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں کرناٹک کے وسطی زون کے 10 اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں اتر کنڑا ضلع بھی شامل ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد بھٹکل کی روایتی کبڈی ثقافت کو فروغ دینے کے ساتھ دیہی علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا اور انہیں پرو کبڈی لیگ اور قومی سطح کے مقابلوں تک پہنچنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ ان تمام باتوں کی جانکاری ٹورنامنٹ کے کنوینر اور سابق کبڈی کھلاڑی عنایت اللہ شاہ بندری نے دی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  ٹورنامنٹ بھٹکل تعلقہ امیچور کبڈی اسوسی ایشن، اتر کنڑا ضلع امیچور کبڈی اسوسی ایشن اور گنڈابھیروُنڈا کمیٹی کے مشترکہ اہتمام میں منعقد کیا جارہا ہے، جسے بھٹکل کے رکن اسمبلی اور کرناٹک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منکال وئیدیا کا تعاون حاصل ہے۔ مقابلے 27 نومبر کو شام 4:30 بجے شروع ہوں گے، جبکہ باضابطہ افتتاحی تقریب رات 8:30 بجے منعقد ہوگی۔ لیگ مرحلے کے بعد چار بہترین ٹیمیں اگلے مرحلے میں داخل ہوں گی۔ 

اتر کنڑا ضلع امیچور کبڈی اسوسی ایشن کے صدر شریدھر نائک نے بتایا کہ ایک ویڈیوگرافی ٹیم کے ذریعے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں، میدان میں ان کی کارکردگی اور ویڈیو ریکارڈنگ پر مشتمل تفصیلی پروفائل تیار کی جائے گی۔ بعد میں یہ معلومات پرو کبڈی کے سلیکٹرس کے ساتھ شیئر کی جائیں گی تاکہ ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت کی جاسکے۔

اتر کنڑا ضلع کی ٹیم میں  بھٹکل کےونود نائک، رنجیت نائک، رتن نائک اور سشیل کاماریکر کے علاوہ زُفاف ارمار بھی شامل ہیں۔

ریاستی سطح کے کبڈی مقابلوں کے لیے کرناٹک کو تین زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شمالی زون کے 10 اضلاع کے مقابلے پہلے ہی بیلگاوی میں منعقد ہوچکے ہیں، جبکہ جنوبی زون کے 11 اضلاع کے مقابلے میسور میں مکمل کیے جاچکے ہیں۔ اب وسطی زون کے 10 اضلاع کے مقابلے بھٹکل میں منعقد ہوں گے۔ ان اضلاع میں اتر کنڑا، دکشن کنڑا، اڈپی، چکمگلورو، شیموگہ، وجئے نگر، داونگیرے، ہاویری، چترادرگہ اور بلاری شامل ہیں۔

مقابلوں کے دوران بھٹکل کی چار مقامی ٹیموں کے درمیان بھی خصوصی میچس منعقد کیے جائیں گے، تاکہ مقامی سطح پر کبڈی کو فروغ ملے اور شائقین کو بھی کھیل سے جوڑا جاسکے۔

ٹورنامنٹ میں سابق ہندوستانی کبڈی ٹیم کپتان اور ارجن ایوارڈ یافتہ بی سی رمیش، بی سی سریش، کرناٹک امیچور کبڈی اسوسی ایشن کے صدر چلووراج، سکریٹری گوریش اور شنموگم منی راجو سمیت دیگر اہم شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

افتتاحی اور اختتامی تقاریب میں اتر کنڑا ضلع کے انچارج وزیر لکشمن ساودی، ارکان اسمبلی ستیش سائل، آر وی دیش پانڈے، دیناکر شیٹی اور معیدین باوا، اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منکال وئیدیا اور دیگر معزز شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔

منتظمین نے مقابلوں کے انعقاد کے لیے وینکٹاپور کے کے پی گراؤنڈ میں کھیل کا میدان تیار کرنے کے ساتھ کھلاڑیوں کے لیے قیام و طعام اور شائقین کے بیٹھنے کے لیے گیلریوں کا انتظام کیا ہے۔

 پریس کانفرنس میں تعلقہ کبڈی اسوسی ایشن کے صدر عبدالروف نائطے، مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، پرکاش نائک، جعفر حیدر، امشاد مختصر، آدم پنمبور، طلحہ اور دیگر عہدیداران و مقامی کبڈی کھلاڑی موجود تھے۔

Click here for report in English


Share: