ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی کے قریب راس الخیمہ میں بس اور لاری کی ٹکر، 11 ہندوستانیوں سمیت 13 افراد ہلاک، 26 زخمی

دبئی کے قریب راس الخیمہ میں بس اور لاری کی ٹکر، 11 ہندوستانیوں سمیت 13 افراد ہلاک، 26 زخمی

Wed, 25 Nov 2026 12:01:55    S O News
دبئی کے قریب راس الخیمہ میں بس اور لاری کی ٹکر، 11 ہندوستانیوں سمیت 13 افراد ہلاک، 26 زخمی

دبئی25 نومبر (ایس او نیوز): متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں مسافر بس اور سڑک کے کنارے کھڑی لاری کے درمیان پیش آئے بھیانک حادثے میں 11 ہندوستانیوں سمیت 13 افراد ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ حادثہ منگل 24 نومبر کی علی الصبح تقریباً ایک بجے الوطَن روڈ پر المَنائی کے قریب پیش آیا۔ بس میں ڈرائیور سمیت 41 افراد سوار تھے۔

ملیالم میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں کیرالا کے ضلع کنور سے تعلق رکھنے والے دو نوجوان بھی شامل ہیں۔ ان کی شناخت 26 سالہ سنگیرتھا سریش (Sankeertha Suresh) اور 29 سالہ ہیمنتھ پوتھیاکاویل (Hemant Puthiyakavil) کے طور پر ہوئی ہے۔ سنگیرتھا کا تعلق کنور ضلع میں تھلاسری کے قریب پنّیور سے تھا، جبکہ ہیمنتھ مٹّنور کے قریب اروواچال کے رہنے والے تھے۔

رپورٹس کے مطابق گجرات سے تعلق رکھنے والی مہما سونی (Mahima Sony) اور تمل ناڈو کے ونود کمار (Vinod Kumar) کی موت کی بھی ان کے اہل خانہ نے تصدیق کی ہے۔ منورما نیوز کی رپورٹ کے مطابق حادثے میں ہلاک ہونے والے 13 افراد میں سے 11 ہندوستانی شہری تھے، تاہم تمام مہلوکین کی مکمل سرکاری فہرست ابھی جاری نہیں کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے مسافر عمان سے ویزا تبدیلی کے بعد متحدہ عرب امارات واپس آرہے تھے۔ ان میں بیشتر ہندوستانی تارکین وطن شامل تھے۔

راس الخیمہ پولیس کے مطابق بس الوطَن روڈ پر میکانیکی خرابی کے باعث سڑک کے کنارے کھڑی ایک لاری کے پچھلے حصے سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ شدید زخمی ہونے والے دو مزید افراد نے اسپتال میں دم توڑ دیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 13 ہوگئی۔

متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمبولینس کے مطابق حادثے کے مقام پر 26 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جن میں سے 14 کو مزید علاج کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

راس الخیمہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کے حالات اور اس کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

دریں اثنا، دبئی میں ہندوستانی قونصل خانے نے حادثے میں ہندوستانی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے رابطہ قائم کرنے اور مقامی حکام کے تعاون سے ضروری مدد فراہم کرنے کی اطلاع دی ہے۔ قونصل خانے نے متاثرین کے تعلق سے معلومات اور مدد کے لیے 24 گھنٹے کی ہیلپ لائن 800 46342 بھی جاری کی ہے۔

Click here for report in English 


Share: