ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: اسکول سے گھر لوٹ رہے دوسری جماعت کے طالب علم کو بس نے کچل دیا؛ بچے کی موت

منگلورو: اسکول سے گھر لوٹ رہے دوسری جماعت کے طالب علم کو بس نے کچل دیا؛ بچے کی موت

Sat, 28 Nov 2026 12:26:27    S O News

منگلور 28/نومبر (ایس او نیوز)  : کرناٹک کے ساحلی شہر منگلورو کے کنکناڈی علاقے میں اسکول سے گھر واپس جانے کے لیے سڑک پار کرنے والے دوسری جماعت کے ایک طالب علم کو نجی بس نے ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ دیا۔  حادثہ بدھ 25 نومبر کی شام پیش آیا تھا۔kankanadi-accident

متوفی کی شناخت وشواس اشوک کلہال (8) کے طور پر کی گئی ہے، جو گدگ ضلع کے رون تعلقہ کا رہنے والا تھا۔ اس کے والدین لکشمی اور اشوک روزگار کے سلسلے میں منگلورو میں مزدوری کرتے ہیں۔ وشواس کنکناڈی کے سینٹ جوزف امدادی اسکول میں دوسری جماعت کا طالب علم تھا۔

اطلاعات کے مطابق، بدھ کی شام تقریباً 4:15 بجے اسکول کی چھٹی کے بعد وشواس گھر جانے کے لیے باہر نکلا تھا۔ عام طور پر اس کی والدہ اسے اسکول سے گھر لے جانے آتی تھیں، لیکن اس روز ان کے نہ پہنچنے پر بچہ خود ہی گھر جانے کے لیے کنکناڈی۔ فلنیر سڑک پار کرنے لگا۔ اسی دوران  ایک  نجی بس نے اسے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگنے سے بچہ سڑک پر جا گرا اور بس کا پچھلا پہیہ اس کے اوپر سے گزر گیا، جس سے اسے شدید چوٹیں آئیں۔

حادثے کے فوراً بعد بس عملے نے زخمی بچے کو کنکناڈی کے ایک پرائیویٹ اسپتال پہنچایا، تاہم ڈاکٹروں کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں اور شام تقریباً 5:50 بجے اس کی موت ہوگئی۔

 اس سلسلے میں کدری ٹریفک پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ، مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Share: