ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / 850 نشستوں کی تجویز کے ذریعے انتخابی نقشہ بدل کر اپوزیشن کو کمزور کرنا چاہتی ہے بی جے پی، راہل گاندھی کا الزام

850 نشستوں کی تجویز کے ذریعے انتخابی نقشہ بدل کر اپوزیشن کو کمزور کرنا چاہتی ہے بی جے پی، راہل گاندھی کا الزام

Sun, 29 Nov 2026 11:06:36    S O News
850 نشستوں کی تجویز کے ذریعے انتخابی نقشہ بدل کر اپوزیشن کو کمزور کرنا چاہتی ہے بی جے پی، راہل گاندھی کا الزام

نئی دہلی، 29/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے سنیچر کو بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ہندوستان کو ’’ڈکٹیٹر شپ‘‘ کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد بڑھا کر۸۵۰؍ کرنے کی تجویز دراصل ملک کے انتخابی نقشے کو حکمراں جماعت کے مفاد میں دوبارہ ترتیب دینے اور اپوزیشن کی نمائندگی کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ اپوزیشن لیڈر  نے خواتین ریزرویشن  کے نفاذ کی آڑ میں لائے گئے ’حد بندی بل‘کو ’’ہندوستانی جمہوریت کا قتل‘‘ قرار دیا اور کہا کہ حکومت وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو ملک کے انتخابی حلقوں کی ازسرنو حدبندی کیلئے ’’ایک خالی کینوس‘‘ فراہم کرنا چاہتی ہے۔

راہل گاندھی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ’’۸۵۰؍ نشستیں کیوں؟ اس کا جواب آسام اور جموں کشمیر میں پوشیدہ ہے۔ اگر ان کے پاس۸۵۰؍نشستوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ہوگا تو وہ اپنی مرضی کے مطابق انتخابی نقشہ ترتیب دے سکتے ہیں، اپنے مخالف برادریوں کی نمائندگی کمزور کرسکتے ہیں اور اپوزیشن کے مخصوص لیڈروں کو نشانہ بناسکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ اس مشق سے بی جے پی کو ووٹنگ شروع ہونے سے پہلے ہی انتخابی میدان میں بہت بڑا فائدہ حاصل ہوجائے گا۔

راہل گاندھی نے کہاکہ ’’جین زی، یاد رکھیں کہ۸۵۰؍کا یہ عدد ہندوستانی جمہوریت کے قتل کی علامت ہے۔ اس کا مقصد مودی، شاہ اور گیانیش کمار کو ہندوستان کا انتخابی نقشہ دوبارہ بنانے کیلئے  ایک خالی کینوس فراہم کرنا ہے۔‘‘ گاندھی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ وہ مجوزہ بلوں کے ذریعے ملک کی بنیادی ساخت تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو ’’اپنے قبضے میں لینے‘‘ کے بعد حکومت اب حدبندی کمیشن کو بھی اپنے کنٹرول میں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ مودی اور امیت شاہ کے منتخب کردہ سپریم کورٹ کے ایک سابق جج کے ساتھ گیانیش کمار بھی حدبندی کا حصہ ہوں گے جبکہ کمیشن کے تیسرے رکن کا انتخاب چیف الیکشن کمشنر کریں گے۔ کار گوتم اڈانی، مودی، شاہ اور گیانیش کمار کا حوالہ دیتے ہوئے گاندھی نے الزام لگایا کہ اس منصوبے کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ’’مجرم لٹیرے اڈانی، مودی، شاہ اور ان کے حامی گیانیش کمار ملک کو لوٹتے رہیں۔‘‘

کانگریس لیڈر نے کہا کہ مجوزہ حدبندی سے سماجی انصاف کو بھی نقصان پہنچے گا، کیونکہ اس میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) کی آبادی میں اضافے کو مناسب طور پر ملحوظ نہیں رکھا جائے گا۔ ان کا الزام تھا کہ بی جے پی نے ذات پر مبنی مردم شماری کو پس پشت ڈال دیا ہے، کیونکہ۲۷ءکی مردم شماری کے نتائج حکمراں جماعت کیلئے ناخوشگوار حقائق سامنے لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ’’آئندہ ۴۰؍ برسوں تک سماجی انصاف کو بھول جائیے، کیونکہ ایس سی اور ایس ٹی برادریوں کے حقوق کمزور ہوں گے اور اقلیتوں کو بے اختیار کردیا جائے گا۔‘‘

گاندھی نے مطالبہ کیا کہ لوک سبھا کی موجودہ۵۴۳؍نشستوں کی تعداد برقرار رکھی جائے اور حدبندی کیلئے ۲۷ءکی مردم شماری اور ذات پر مبنی مردم شماری کو بنیاد بنایا جائے۔ انہوں نے غیر جانب دار اور تمام جماعتوں پر مشتمل حدبندی کمیشن تشکیل دینے، لوک سبھا میں مختلف ریاستوں کے حصے میں کوئی تبدیلی نہ کرنے اور خواتین کیلئے ریزرویشن موجودہ۵۴۳؍نشستوں کے اندر ہی نافذ کرنے کا مطالبہ  کیا۔ انہوں نے دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کی خواتین کے لیے ذیلی کوٹے کی بھی حمایت کی۔انہوں نے کہاکہ ’’ بی جے پی کو ایک ایسی خالی تختی فراہم کرنے کا ہے جس کے ذریعے وہ ہندوستانی جمہوریت کی بنیادوں کو اپنی مرضی سے تبدیل کرسکے، جمہوریت کو تباہ کرسکے اور عوام کو لوٹ سکے۔‘‘


Share: