ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں اسٹیٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ کا ڈپٹی اسپیکر کے ہاتھوں شاندار افتتاح؛ جدید اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا اعلان

بھٹکل میں اسٹیٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ کا ڈپٹی اسپیکر کے ہاتھوں شاندار افتتاح؛ جدید اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا اعلان

Sat, 28 Nov 2026 20:13:59    S O News
بھٹکل میں اسٹیٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ کا ڈپٹی اسپیکر کے ہاتھوں شاندار افتتاح؛ جدید اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے کا اعلان

بھٹکل 28/نومبر (ایس او نیوز) : بھٹکل کے وینکٹاپور میں آئس فیکٹری کے قریب واقع کے پی گراؤنڈ میں اسٹیٹ لیول کبڈی ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کرناٹک اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال ایس ویدیا نے اعلان کیا کہ بھٹکل میں کھیلوں کے فروغ اور مقامی کھلاڑیوں کو بہتر مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے تقریباً 15 ایکڑ اراضی پر جدید اور تمام سہولتوں سے آراستہ اسپورٹس اسٹیڈیم تعمیر کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

جمعہ سے شروع ہونے والے ریاستی سطح کے ’بینا ویدیا گندابیرو نڈا‘ کبڈی ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریباً 25 سال قبل اسی میدان میں دو کورٹ بناکر بڑے پیمانے پر کبڈی ٹورنامنٹ منعقد کیا گیا تھا، جس میں مقامی کھیل شائقین، کھلاڑیوں اور دیگر افراد نے بھرپور تعاون کیا تھا۔ اس مقابلے میں حصہ لینے والے چار سے پانچ کھلاڑی بعد میں ریاستی اور قومی سطح پر اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوئے۔ تاہم آج اسی میدان میں صرف ایک کورٹ پر مقابلے منعقد ہوتے دیکھ کر حیرت ہوتی ہے۔ انہوں نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ ایسے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے سے ہچکچائیں نہیں، کیونکہ بھٹکل میں کھیلوں کی سرپرستی کے لیے عطیہ دہندگان اور مختلف تنظیمیں تعاون کے لیے موجود ہیں۔

kabaddi-bhatkal-4

منکال ویدیا نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے کھلاڑیوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں خصوصی ریزرویشن فراہم کیا ہے۔ بیشتر سرکاری محکموں میں دو فیصد جبکہ پولیس اور محکمہ جنگلات میں تین فیصد ریزرویشن مختص کیا گیا ہے، جس سے کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کو سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے مواقع مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کی طرح کھیلوں کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں مناسب حوصلہ افزائی اور بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ضروری ہے۔

اس موقع پر سابق ہندوستانی کبڈی کپتان اور ارجن ایوارڈ یافتہ بی سی رمیش نے بھٹکل کے عوام میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی دیرینہ خواہش ہے کہ بنگلورو کی طرز پر ایک روز بھٹکل میں بھی پرو کبڈی کے مقابلے منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کینرا ضلع میں کبڈی کو اچھا فروغ حاصل ہے۔ کھلاڑیوں کو ضلعی سطح کے انتخابی مقابلوں میں حصہ لے کر تربیتی کیمپوں کے ذریعے اپنی صلاحیتیں منوانی چاہئیں۔ پرو کبڈی، کرناٹک پریمیئر لیگ اور گندابھیرنڈا ٹرافی جیسے مقابلے دیہی علاقوں کے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

ضلع کبڈی اسوسی ایشن کے صدر شریدھر نائک نے تقریب کی صدارت کی، جبکہ ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین عنایت اللہ شاہ بندری نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ اس موقع پر کرناٹک امیچر کبڈی اسوسی ایشن کے صدر چلووراج، ایم شنمگم، منی راجو، ڈی ایف او یوگیش سی کے، عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، عمران لنکا، جعفر حیدر اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔

kabaddi-bhatkal-5
kabaddi-bhatkal-2.jpg
kabaddi-bhatkal-1.jpg

Click here for report in English


Share: