نئی دہلی، 6 اپریل (ایس او نیوز /پی ٹی آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہفتہ کے روز "وقف (ترمیمی) بل 2025" کو اپنی منظوری دے دی، جسے رواں ہفتے کے اوائل میں پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا۔
صدر مرمو نے "مسلمان وقف (منسوخی) بل 2025" کو بھی اپنی منظوری دے دی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا:"مندرجہ ذیل پارلیمانی قانون کو 5 اپریل 2025 کو صدر جمہوریہ کی منظوری حاصل ہو گئی ہے، اور اسے عام معلومات کے لیے شائع کیا جا رہا ہے: وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025۔"
یہ بل جمعہ کی صبح راجیہ سبھا سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا، جس پر 13 گھنٹے سے زائد طویل بحث ہوئی۔
بحث کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے بل کی سخت مخالفت کی اور اسے "مسلم مخالف" اور "آئین کے منافی" قرار دیا، جب کہ حکومت کا موقف تھا کہ یہ "تاریخی اصلاح" اقلیتی برادری کے مفاد میں ہے۔
یہ بل راجیہ سبھا میں 128 ووٹوں سے منظور ہوا جبکہ 95 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ لوک سبھا میں یہ بل جمعرات کی صبح 288 ووٹوں سے منظور ہوا جبکہ 232 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔
پارلیمنٹ نے "مسلمان وقف (منسوخی) بل" کو بھی منظوری دے دی ہے، جسے پہلے ہی لوک سبھا منظور کر چکی تھی اور اب راجیہ سبھا نے بھی اس کی توثیق کر دی ہے۔
صدر جمہوریہ کی منظوری کے بعد یہ دونوں بل اب قانون بن چکے ہیں۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ محمد جاوید اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسدالدین اویسی نے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں وقف (ترمیمی) بل کو چیلنج کر دیا، ان کا موقف ہے کہ یہ بل آئینی دفعات کی خلاف ورزی کرتا ہے۔
محمد جاوید کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ یہ بل وقف املاک اور ان کے انتظام پر "من مانی پابندیاں" عائد کرتا ہے، جو مسلم برادری کی مذہبی خودمختاری کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
وکیل انس تنویر کے ذریعے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ یہ بل مسلم برادری کے ساتھ امتیازی سلوک کرتا ہے کیونکہ دیگر مذہبی اوقاف کی نگرانی پر ایسی پابندیاں عائد نہیں کی گئیں۔
محمد جاوید، جو بہار کے کشن گنج سے لوک سبھا کے رکن ہیں، اس بل پر بنائی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے رکن بھی تھے۔ انہوں نے اپنی عرضی میں کہا کہ یہ بل "وقف کی تشکیل پر مذہبی مشق کی مدت کی بنیاد پر پابندیاں متعارف کرواتا ہے۔"
اسدالدین اویسی نے اپنی الگ عرضی میں مؤقف اختیار کیا کہ اس بل کے ذریعے وقف سے وہ تمام تحفظات واپس لے لیے گئے ہیں جو ہندو، جین اور سکھ مذہبی و فلاحی اوقاف کو حاصل ہیں۔
وکیل لظفیر احمد کے ذریعے دائر اویسی کی درخواست میں کہا گیا:
"وقف کو دیے گئے تحفظات کو کم کرنا، جبکہ دیگر مذاہب کے اوقاف کے لیے یہ تحفظات برقرار رکھنا، مسلمانوں کے ساتھ معاندانہ امتیاز کے مترادف ہے، جو آئین کے آرٹیکل 14 اور 15 کی خلاف ورزی ہے، جو مذہب کی بنیاد پر امتیاز کو روکتے ہیں۔"