ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممبئی حملے کا ملزم تہوّر رانا دہلی پہنچا، این آئی اے کی گرفتاری کی کارروائی جاری

ممبئی حملے کا ملزم تہوّر رانا دہلی پہنچا، این آئی اے کی گرفتاری کی کارروائی جاری

Thu, 10 Apr 2025 19:51:17    S O News

نئی دہلی ، 10/ اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)ممبئی میں 2008 کے 26/11 دہشت گرد حملے کے ملزم تہور حسین رانا کو امریکہ سے ہندوستان لایا جا چکا ہے۔ اسے لے کر آنے والا طیرہ دہلی کے پالم ایئرپورٹ پر اترا، جہاں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان اسے حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق، این آئی اے کی جانب سے رانا کی گرفتاری کا عمل جاری ہے اور اسے جلد این آئی اے ہیڈکوارٹر لے جانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جہاں اس سے ابتدائی پوچھ گچھ اور قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی۔ این آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر تمام ضابطے پورے کیے جا رہے ہیں، جس کے بعد اسے باضابطہ طور پر گرفتار کیا جائے گا۔

تہور رانا کو ایک خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے امریکہ سے ہندوستان لایا گیا۔ یہ طیارہ بدھ (9 اپریل) کو امریکہ سے روانہ ہوا تھا اور جمعرات دوپہر دہلی پہنچا۔ 64 سالہ رانا کے خلاف 26/11 ممبئی حملے کے سلسلے میں طویل عرصے سے کارروائی جاری تھی، جس میں اس کے خلاف مقدمہ اور حوالگی کی درخواست ہندوستان نے امریکہ میں دائر کی تھی۔

رپورٹس کے مطابق، تہور رانا پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈیوڈ کولمین ہیڈلی عرف داؤد گیلانی کا قریبی ساتھی ہے، جو ممبئی حملے کے مرکزی سازش کاروں میں شامل تھا۔ ممبئی حملے میں 166 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے، جن میں ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔

رانا پر ہندوستان میں کئی دفعات کے تحت الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں قتل، سازش، جنگ چھیڑنے، جالسازی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق قوانین شامل ہیں۔ این آئی اے کا کہنا ہے کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس کی باضابطہ گرفتاری عمل میں آئے گی۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ رانا کو تہاڑ جیل میں رکھا جائے گا یا این آئی اے کی تحویل میں رکھا جائے گا لیکن ابتدائی مرحلے میں اسے این آئی اے ہیڈکوارٹر لے جایا جائے گا، جہاں مزید کارروائی کی جائے گی۔

ادھر ممبئی پولیس نے کہا ہے کہ انہیں اب تک رانا کو ممبئی منتقل کیے جانے کے حوالے سے کوئی باضابطہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ این آئی اے کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی تمام کارروائیاں دہلی میں ہی انجام دی جا رہی ہیں۔

سرکاری سطح پر اب تک کسی بھی مرحلے کی حتمی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم ذرائع کے مطابق این آئی اے اس معاملے پر انتہائی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور رانا کے خلاف قانونی کارروائی آگے بڑھائی جا رہی ہے۔


Share: