
بھٹکل، 6 اپریل (ایس او نیوز): بھٹکل میں سنیچر کی رات آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک ہوئی موسلادھار بارش کے نتیجے میں میونسپل حدود کے ڈونگرپلی علاقے میں پکی سڑک تیز بہاؤ کے ساتھ بہہ گئی۔ سڑک پر ایک گہرا گڈھا پیدا ہو گیا، جس میں ایک بائک سوار اپنی اہلیہ اور دو بچوں سمیت گر کر زخمی ہوگیا۔
مخدوم کالونی اور دیگر بلند مقامات سے آنے والا بارش کا پانی تیزی سے ڈونگر پلی سے گزر کر سرابی ندی تک پہنچتا ہے، مگر نالوں میں جمع کچرے کے باعث پانی کی نکاسی ممکن نہ ہو سکی۔ نتیجتاً پانی نے زور دار بہاؤ کے ساتھ تقریباً 50 میٹر طویل پکی سڑک کو بہا کر گہرے گڑھے میں تبدیل کر دیا۔
خوش قسمتی سے، حادثے کے فوراً بعد قریبی مکان میں موجود مون اسٹار اسپورٹس سینٹر کے رکن باوا امیر نے بچوں کے رونے اور چیخ و پکار کی آواز سن کر فوری طور پر کارروائی کی۔ انہوں نے بہتے پانی میں کود کر تمام زخمیوں کو بحفاظت باہر نکالا۔ اس امدادی کوشش کے دوران باوا امیر خود بھی پیر میں چوٹ لگنے سے زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی علاقہ کے نوجوانوں نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی آمد و رفت بند کر دی۔ بعد ازاں میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین قیصر محتشم اور مقامی کونسلر فرزانہ یونس جائے وقوع پر پہنچے اور فوری کارروائی کرتے ہوئے صبح کے وقت گڈھے کو عارضی طور پر مٹی ڈال کر بند کروایا۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ پانی کے بہاؤ کے راستے بند ہونے اور نالوں میں کچرے کی بھرمار کے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے نالوں کی فوری صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ بارشوں میں مزید تباہی سے بچا جا سکے۔
Click here for report in English