
بھٹکل، 11 اپریل (ایس او نیوز): بھٹکل سے اعلیٰ دینی تعلیم کے حصول کے لیے ندوۃ العلماء، لکھنؤ کی جانب روانہ ہونے والے طلبہ کا قافلہ جمعہ کی شب جذباتی مناظر کے درمیان روانہ ہوا۔ روانہ ہونے والے تقریباً 70 طلبہ میں سے 55 طلبہ جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے رواں سال عالمیت کی تکمیل کے بعد فضیلت کی تعلیم کے لیے ندوہ جا رہے ہیں۔
ریلوے اسٹیشن پر طلبہ کو وداع کرنے کے لیے ان کے والدین، اساتذہ، قریبی رشتہ داروں اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر جامعہ اسلامیہ کے مہتمم مولانا مقبول کوبٹے ندوی نے طلبہ کو دینی و تعلیمی رہنمائی پر مشتمل قیمتی نصائح سے نوازا اور دعا کے ساتھ ان کی رخصتی کی۔
طلبہ کی رہنمائی اور دیکھ بھال کے لیے جامعہ اسلامیہ کی جانب سے مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی اور مولانا معظم شاہ بندری ندوی بھی ندوہ کے سفر پر روانہ ہوئے۔

ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی نے بتایا کہ حسبِ روایت اس سال بھی بھٹکل سے ندوۃ العلماء لکھنؤ کے لیے 70 سے زائد طلبہ روانہ ہو رہے ہیں، جو وہاں فضیلت کی ڈگری کے حصول کے لیے تعلیم جاری رکھیں گے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلک شافعی کا سب سے بڑا دینی تعلیمی ادارہ، جامعہ اسلامیہ بھٹکل، حفظِ قرآن سے لے کر عالمیت تک کی تعلیم فراہم کرتا ہے، جہاں سے فراغت کے بعد طلبہ اعلیٰ دینی تخصصات کے حصول کے لیے ندوۃ العلماء لکھنؤ کا رخ کرتے ہیں۔