ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: نیشنل ہائی بلاک کرکے ایس پی نارائن کے خلاف احتجاج کرنے والے ہندوتوا کارکنوں پر ایف آئی آر درج

بھٹکل: نیشنل ہائی بلاک کرکے ایس پی نارائن کے خلاف احتجاج کرنے والے ہندوتوا کارکنوں پر ایف آئی آر درج

Sat, 12 Apr 2025 00:53:59    S O News
بھٹکل: نیشنل ہائی بلاک کرکے ایس پی نارائن کے خلاف احتجاج کرنے والے ہندوتوا کارکنوں پر ایف آئی آر درج

بھٹکل 11/اپریل (ایس او نیوز): سنگھ پریوار کے ایک کارکن پر پولس سپرینٹینڈنٹ آف پولس کی جانب سے سرسی میں مبینہ حملے کے خلاف گذشتہ روز ہندوتوا کارکنوں نے نیشنل ہائی وے کو بلاک کرکے جو احتجاج کیا تھا، اُن کارکنوں پر پولس نے مقدمہ درج کرنے کی بات سامنے آئی ہے۔

واضح رہے کہ ہندوتوا کارکن سری نواس نائک نے الزام لگایا تھا کہ 8/اپریل کو سرسی میں راوڈی شیٹر پریڈ کے دوران  اُترکنڑا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ایم. نارائن نے ان سے انٹروگیشن کے دوران ان کی بری طرح پیٹائی کی ہے۔ جب سوشل میڈیا پر ایسی اطلاعات گردش کرنے لگیں تو8/اپریل دیر رات کو بھٹکل میں سنگھ پریوارکے کارکنوں نے شمس الدین سرکل اور تعلقہ پنچایت آفس کے باہر نیشنل ہائی وے کو بلاک کردیا اور سڑک پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ پتہ چلا ہے کہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہائی وے بند رہا جس سے سواریوں کا گذر بند ہوگیا، بعد میں یہ لوگ ٹاون پولس تھانہ پہنچ کر ایس پی کے خلاف نعرے بازی کی، جبکہ اگلے روز یعنی 9/اپریل کو جب ایس پی ایم نارائن کاروار سے بھٹکل پہنچے تو پھر ایک بار کثیر تعداد میں سنگھ پریوار کے کارکن پولس تھانہ کے باہر جمع ہوکر ایس پی کے خلاف نعرے بازی کی اور سرینواس نائک کی پیٹائی کرنے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا، اس پر ایس پی نے واضح کیا کہ سری نواس نائک پر کوئی زیادتی نہیں کی گئی ہے، دیگر راوڈی شیٹروں کی طرف اسے بھی وارننگ دی گئی تھی کہ وہ مجرمانہ حرکتوں سے باز آئے۔ بہر حال سنگھ پریوار کارکنوں کے احتجاج پر کاروائی کرتے ہوئے بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانے میں دو علیحدہ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

hindutva-activist-dharna-1.jpg

پہلی ایف آئی آربھٹکل ٹاون کے پی ایس آئی نوین ایس. نائک کی شکایت پر درج کی گئی ہے، جو نیشنل ہائی وے کو بلاک کرنے کے واقعہ سے متعلق ہے۔ اس ایف آئی آر میں جن 11 افراد کے نام شامل ہیں ان میں: ناگراج وینکٹ نائک (جالی تلگیری)، ابھشیک تمّپا نائک (ہنومان نگر)، ناگیش نارائن نائک (ہونّے گدّے)، ناگیندر شنکر نائک (ہیروور)، لوکیش روی دیواڈیگا (منڈلی)، روی کمار ششی کانت شیٹ (سونارکیری)، ایشور درگپا نائک (تلاند)، جگدیش نارائن نائک (کریکال)، کرشنا مادیو نائک (مُٹلی)، ناگرج مادیو موگیر (کریکال)، اور جگدیش سومیّا نائک (بینندور) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 25 سے 30 نامعلوم افراد کو بھی اس مقدمہ میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری ایف آئی آر پی ایس آئی تمّپا بیڈومنے کی شکایت پر 9 اپریل کو پولیس تھانے کے سامنے ہونے والے احتجاج کے سلسلے میں درج کی گئی ہے۔ اس میں بھی زیادہ تر وہی افراد شامل ہیں جو پہلی ایف آئی آر میں نامزد ہیں، تاہم مزید ناموں میں دیویندر ماستپا نائک (کنڈے کوڈلو)، نارائن گونڈا (کوکتی نگر)، اور راجیندر سوریہ کانت نائک (کائیکنی، مرڈیشور) شامل ہیں۔ اس ایف آئی آر میں 30 سے 35 نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران مزید ناموں کا شامل ہونا ممکن ہے۔

Click here for report in English


Share: