
بھٹکل، 5 اپریل (ایس او نیوز) مرڈیشور ریلوے اسٹیشن پر ایک افسوسناک حادثے میں کیرالہ کا 22 سالہ نوجوان اُس وقت جاں بحق ہوگیا جب وہ رفتار پکڑتی ہوئی ٹرین پر چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ حادثہ سنیچر کی شام تقریباً چھ بجے پیش آیا۔
متوفی کی شناخت محمد رمیض کے طور پر کی گئی ہے، جو کیرالہ کے شورنور کا رہائشی تھا اور اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ راجستھان کے اجمیر سے واپس مرو ساگر ایکسپریس کے ذریعے سفر کر رہا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، مرڈیشور اسٹیشن پر ٹرین رُکنے کے دوران وہ پانی کی بوتل خریدنے نیچے اُترا، تاہم جب وہ واپس لوٹنے لگا تو ٹرین چلنے لگی تھی۔ رمیض نے دوڑ کر ٹرین پر چڑھنے کی کوشش کی، لیکن توازن بگڑ جانے کے باعث وہ پلیٹ فارم اور ٹرین کے درمیان موجود خلا میں گر گیا۔
گرنے کے نتیجے میں رمیض کے سر پر شدید چوٹ آئی۔ فوری طور پر 108 ایمبولینس طلب کی گئی اور اُسے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے اسپتال پہنچنے پر اُسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس کی قانونی کارروائی اور بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد میت کو کیرالہ روانہ کیا جائے گا۔ میت کی منتقلی اور دیگر انتظامات کے لیے سماجی کارکنان ارشاد صدیقہ، نذیر قاسمجی اور دیگر مقامی نوجوان بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں۔