
بھٹکل ، 6/اپریل (ایس او نیوز) ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن اور حکومتِ کرناٹک کی جانب سے شروع کی گئی ای-کھاتہ مہم کے تحت اب ایسے افراد کو سہولت دی جارہی ہے جنہوں نے میونسپلٹی کی منظوری کے بغیر عمارت تعمیر کی ہے اور اس وجہ سے وہ ڈبل ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں۔ ایسے تمام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اب وہ اس مہم کے ذریعے درخواست دے کر سنگل ٹیکس ادا کرنے کے اہل بن سکتے ہیں۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق یہ خصوصی مہم 10 مئی 2025 تک جاری رہے گی، اور اس کے لیے بھٹکل میونسپالٹی میں درخواستیں قبول کی جارہی ہیں
میونسپالٹی کی جانب سے جاری کردہ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد میونسپالٹی آفس سے مخصوص فارم حاصل کرکے اسے پُر کریں اور درکار دستاویزات کے ساتھ جمع کریں۔
درخواست کے ساتھ مندرجہ ذیل دستاویزات منسلک کرنا ضروری ہے:
حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوئی بھی شناختی کارڈ
عمارت کے مالک کی پاسپورٹ سائز تصویر
ملکیت سے متعلق رجسٹرڈ دستاویزات (جیسے RTC یا سیل ڈیڈ)
پراپرٹی ڈیبنچر سرٹیفکیٹ (جس سے ثابت ہو کہ عمارت پر کوئی قرض باقی نہیں)
عمارت کی تصویر
ادا شدہ میونسپل ٹیکس کی رسید
عمارت کا حالیہ برقی بل (Electricity Bill)
بھٹکل میونسپالٹی کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری نے تمام شہریوں، خصوصاً ان افراد سے جو دوہرا ٹیکس ادا کر رہے ہیں، اپیل کی ہے کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
مزید تفصیلات کے لیے میونسپل چیف آفیسر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔