
پٹنہ، 10 اپریل ( ایس او نیوز): بہار کے مختلف اضلاع میں جمعرات کے روز آسمانی بجلی گرنے اور ژالہ باری کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس بات کی اطلاع خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر (CMO) کی جانب سے جاری کردہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ اموات ضلع نالندہ میں ہوئیں جہاں 18 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ سیوان میں 2، اور کٹیہار، دربھنگہ، بیگوسرائے، بھاگلپور اور جہان آباد میں ایک ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
تاہم، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ جمعرات کو مختلف حادثات میں 50 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا:
"طوفان، بارش، آسمانی بجلی، درختوں اور دیواروں کے گرنے کے مختلف حادثات میں 50 سے زائد افراد کی المناک موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہوں۔ خدا ان تماموں کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔"
انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کسانوں کو بھی مناسب معاوضہ دے جن کی فصلیں اچانک بارش کے باعث تباہ ہو گئیں۔
قبل ازیں، وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی مرنے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا اور فی کس 4 لاکھ روپے کا ایکس گریشیا معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔
رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز بھی بجلی گرنے سے بہار کے چار اضلاع میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
دریں اثنا، محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بہار کے کئی اضلاع کے لیے 'اورینج الرٹ' جاری کیا ہے، جن میں دربھنگہ، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، مغربی چمپارن، کشن گنج، ارریہ، سپول، گیا، سیتامڑھی، شیوہر، نالندہ، نوادہ اور پٹنہ شامل ہیں۔
محکمہ نے جمعہ اور ہفتہ کو ان اضلاع میں شدید بارش کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
آئی ایم ڈی کے بلیٹن کے مطابق، "مدھوبنی، دربھنگہ، مشرقی چمپارن، گوپال گنج، مغربی چمپارن، کشن گنج، ارریہ، سپول، گیا، سیتامڑھی، شیوہر، نالندہ، نوادہ اور پٹنہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں (40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ) چلنے کا امکان ہے۔"
پٹنہ میں شدید بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی بھر جانے کی اطلاع ملی ہے۔ ریاستی دارالحکومت میں شام 5:30 بجے تک اوسطاً 42.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پٹنہ میونسپل کارپوریشن (PMC) اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کا کہنا ہے کہ تیز بارش کے باوجود بارش کا پانی جلد از جلد نکال لیا گیا۔