ویلنگٹن،13جنوری/(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کمزور مانی جا رہی بنگلہ دیش کی ٹیم نے غیر متوقع طور پر دھماکہ دار مظاہرہ کیا ہے۔ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اس میدان پر رنز کا انبار لگادیا ہے، اس میں بائیں ہاتھ کے بلے باز شکیب الحسن کی دوہری سنچری (217رنز، 276گیندیں، 31چوکے)اور کپتان مشفق الرحیم کی سنچری (159رنز، 260گیند، 23چوکے اور ایک چھکا)پر مشتمل ہے۔یہی نہیں ان دونوں بلے بازوں نے 359رنز کی شراکت کرکے کیوی گیند بازوں کو جم کر پریشان کیا۔ان دونوں کی بلے بازی کی بدولت بنگلہ دیش نے ٹیسٹ کے دوسرے دن کے اختتام پر سات وکٹوں کے نقصان پر 542رنز بنا لئے۔اسٹمپ اکھڑنے کے وقت شبیر رحمان 10رنز بنا کر کریز پر تھے۔نچلے آرڈر کے مہدی حسن کے آؤٹ ہوتے ہی دن کا کھیل ختم قرار دے دیا گیا۔میچ کا پہلا دن بارش کی وجہ سے بری طرح متاثر رہا تھا۔بنگلہ دیش نے آج صبح اپنے پہلے دن کے اسکور تین وکٹ پر 154رن سے آگے کھیلنا شروع کیا تو ہر کسی کو امید تھی کہ 300رن کے ارد گرد پہنچتے پہنچتے ٹیم کے قدموں پر بریک لگ جائے گا لیکن ثاقب اور رحیم کے ارادے اس سے جدا تھے۔انہوں نے اپنی اننگز سے ہر کسی کو حیران کر دیا،لنچ تک مہمان ٹیم نے محض مومن الحق کا وکٹ گنوایا جو اپنے کل کے اسکور میں کوئی رن شامل کرنے سے پہلے آؤٹ ہو گئے تھے۔لنچ تک بنگلہ دیش کا اسکور چار وکٹ کے نقصان پر 269رنز تھا اور ثاقب 66اور رحیم 53رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔دوسرے سیشن میں بھی ان دونوں کی سختی سے بلے بازی کا سلسلہ جاری رہا۔چائے کے پہلے ان دونوں نے اپنی سنچری پوری کی۔اس وقت تک ثاقب 126اور رحیم 112رن پر ناٹ آؤٹ تھے۔ثاقب کی سنچری 150گیندوں پر اور رحیم کی سنچری 179گیندوں پر مکمل ہوئی،ان دونوں کی اننگز کا اختتام آخر کار آخری سیشن میں ہوا۔اس دوران ثاقب نے اپنی ڈبل سنچری 253گیندوں پر 30چوکوں کی مدد سے مکمل کی،ان دونوں کی شراکت کا اختتام اس وقت ہوا جب رحیم 159رنز بنانے کے بعد فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ کے شکار بن گئے۔اس کے بعد ثاقب 217کے ذاتی اسکور پر ویگنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔