نئی دہلی ، 23/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)بدھ کی رات دیر گئے دہلی اور این سی آر کے مختلف حصوں میں ہونے والی بارش نے موسم کو یکسر بدل دیا۔ اس سے پہلے، دہلی اور اس کے نواحی علاقوں میں مارچ کی گرمی محسوس کی جا رہی تھی، مگر بارش کے باعث موسم میں ٹھنڈک آ گئی ہے، اور گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
بارش سے پہلے بدھ کو دن بھر تیز دھوپ سے راجدھانی دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 25.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا جو معمول سے 5.3 ڈگری زیادہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری رہا جو معمول سے 1.8 ڈگری زیادہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو جنوری میں مورچ جیسا احساس ہو رہا تھا۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بھی راجدھانی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ موسم سائنس داں مہیش پلاوت نے بتایا کہ شمال مغربی ہوا چلنے کی وجہ سے موسم خشک ہے۔ صبح و شام کہرا نہیں ہے۔ کہرا چھٹنے اور ہوا چلنے کی وجہ سے آلودگی کی سطح میں بھی کمی آئی ہے۔ اس کی وجہ سے آسمان صاف ہے اور زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔
امکان ہے کہ کچھ دنوں بعد یہ حالت بدل جائے گی۔ ویسٹرن ڈسٹربینس کی وجہ سے 25 سے 27 جنوری تک درجہ حرارت میں پھر کمی آئے گی۔ اس سے زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں گراوٹ آئے گی۔ زیادہ سے زیادہ 18 سے 19 ڈگری کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ وہیں کم سے کم درجہ حرارت میں بھی کمی درج کی جا سکتی ہے۔ 26 سے 28 جنوری تک کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سیلسیس درج کیا جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعرات کی صبح ہلکا کہرا چھایا رہے گا۔ آسمان میں عام طور پر بادل رہیں گے۔ صبح کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔ صبح اور شام کا زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 22 اور 12 ڈگری سیلسیس تک رہ سکتا ہے۔
واضح ہو کہ راجدھانی میں 19 جنوری سے درجہ حرارت میں اضافہ درج کیا جا رہا ہے۔ 19 جنوری اس مہینے میں اب تک کا سب سے گرم دن درج کیا گیا۔ اس دن زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.1 ڈگری سیلسیس رہا۔