ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ترکی کے ہوٹل میں آگ لگنے سے 76 افراد جاں بحق

ترکی کے ہوٹل میں آگ لگنے سے 76 افراد جاں بحق

Wed, 22 Jan 2025 17:32:55  Office Staff   S.O. News Service

انکارا، 22/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)ترکی کے شمال مغربی صوبے بولُو کے مشہور سیاحتی مقام کارتلکایا اسکی ریزورٹ کے ایک 12 منزلہ ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 76 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ ہوٹل میں حادثے کے وقت 234 افراد موجود تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 45 ہلاک شدگان کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ باقی کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس واقعے کی تحقیقات کے دوران 9 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ ہوٹل کے ریستوران کے فرش سے شروع ہوئی اور لکڑی کی تعمیر کی وجہ سے تیزی سے پوری عمارت میں پھیل گئی۔ ہوٹل میں دھواں بھرنے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور آتشزدگی کی اطلاع دینے والا نظام کام نہیں کر سکا۔

مقامی ٹیلی ویژن چینلز پر دکھائی گئی ویڈیوز میں ہوٹل کی اوپری منزلوں سے شعلے بھڑکتے اور لوگوں کو چادروں کے ذریعے کھڑکیوں سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ کچھ افراد نے جان بچانے کے لیے کھڑکیوں سے چھلانگ لگائی۔

ریسکیو اہلکاروں نے شدید دھوئیں اور گرمی کے باوجود رات بھر آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ ایک اسکی انسٹرکٹر نے بتایا کہ وہ 20 افراد کو باہر نکالنے میں کامیاب ہوئے، مگر دھوئیں کی شدت نے کئی لوگوں کو باہر نکلنے سے روکے رکھا۔

یہ ہوٹل ترکی کے معروف سیاحتی مقام پر واقع ہے، جہاں ان دنوں اسکول کی چھٹیوں کی وجہ سے بڑی تعداد میں مقامی سیاح موجود تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حفاظتی اقدامات میں کوتاہی اور فائر الارم کے نظام کی خرابی اس المناک حادثے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔


Share: