بھٹکل ۲۲ جنوری (ایس او نیوز) بھٹکل کوالٹی ہوٹل کے قریب نیشنل ہائی وے ۶۶ پر ایک ٹمپو کے اچانک بے قابو ہوکر ایک کے بعد ایک چار موٹر بائیکوں کو ٹکر مارنے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر چار زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کو شدید چوٹ لگنے سے کنداپور اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے، دیگر کو بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے۔ حادثہ بدھ صبح قریب گیارہ بجے پیش آیا۔
پتہ چلا ہے کہ کائیکنی ترن مکّی کے رہائشی گنیش نے حال ہی میں ایک سکینڈ ہینڈ ٹمپو خریدا تھا، جسے بیندور لے جا رہا تھا کہ بھٹکل کوالٹی ہوٹل کے قریب پہنچنے کے بعد ٹمپو کا اسٹرینگ لاک اچانک کٹ ہوگیا جس سے ٹمپو بے قابو ہوکر دائیں جانب مُڑتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی موٹر بائکوں سے ٹکر مارنے لگی۔ ٹمپو پہلے گاندھی نگر کے ۲۹ سالہ یوگیش ناگپا نائک کی بائک پر چڑھ گئی جس کی وجہ سے یوگیش شدید زخمی ہوگیا اور اسے فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال کے بعد منی پال شفٹ کیا گیا۔ پھر ٹمپو نے ایک ایکٹیوا کو ٹکر ماری جس پر شیرور کی ایک ۱۸ سالہ مُزدلفہ سوار تھی، اس کے فوری بعد بیلکے سے الیکٹرک بل بھرنے کے لئے جانے والے ایک بائک سے ٹکراگئی جس پر دو لوگ مہیش موگیر اور شیکھر موگیر سوارتھے، حنیف آباد کے رہائشی نعیم قمری بھی ٹکر کی زد میں آگئے، انہیں بھی معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
خبر لکھے جانے تک منی پال اسپتال پہنچنے کے بعد یوگیش نائک زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ہے، دیگر زخمیوں میں مہیش موگیر کو کنداپور اسپتال شفٹ کیا گیا ہے، جبکہ دیگر لوگوں کو معمولی چوٹیں اۡئی ہیں اور تمام خطرے سے باہر ہیں۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے، پولس مزید چھان بین کررہی ہے۔