بھٹکل 22 / جنوری (ایس او نیوز) ضلع اُتّر کنڑا کے یلاپور کے گولاپور روڈ پر آربیل گھاٹ کے قریب پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں دس افراد جاں بحق ہوگئے ، جبکہ 19 زخمی ہوگئے، جس میں سات لوگوں کو شدید زخمی حالت میں ہبلی کیمس اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ترکاری کے بیوپاریوں سے بھرا ایک ٹرک ہاویری سےیلاپور ہوتا ہوا کمٹہ سنتے مارکٹ جانے کے لئے نکلا تھا جس کے دوران مخالف سمت سے آنے والی ایک لاری کو جگہ دینے کے لئے اُسے سائیڈ دینے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں ٹرک کچھ زیادہ ہی کنارے کی طرف چلا گیا اور پہلے ایک الیکٹرک کھمبے سے ٹکرا گیا پھر بے قابو ہو کر 50 میٹر گہری کھائی میں جاگرا۔
اُتر کنڑا ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے اخبارنویسوں کو بتایا کہ بدھ علی الصبح قریب چار بجے کے وقت جب ٹرک حادثے کا شکار ہوا تو اس وقت ترکاری سے بھرے ٹرک پر 29 افراد سوار تھے ۔ حادثے کے نتیجے میں 9 افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جب کہ ہبلی کیمس اسپتال منتقل کرنے کے دوران ایک شخص فوت ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوکین کے لئے حکومت کی طرف سے معاوضہ کا اعلان کیا گیا ہے ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایک طرف کاروار سے ایس پی مسٹر ایم نارائن تو دوسری طرف ویسٹرن ژون کے آئی جی پی امیت سنگھ بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈرائیور پر نیند کا غلبہ طاری ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ جنگلاتی علاقے میں حادثہ پیش آنے کے باوجود آدھے گھنٹے کے اندر پولس جائے حادثہ پر پہنچ گئی تھی ۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی شیگاوں کے رکن اسمبلی یاسر خان پٹھان بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام دس افراد کا تعلق ان کے اسمبلی حلقہ ساونور (ہاویری) سے ہے ۔ آگے بتایا کہ حادثے کے تعلق سے میں نے وزیراعلیٰ سدرامیا کو تمام تفصیلات سےآگاہ کیا ہے۔ انہوں نے تمام مہلوکین کے خاندان کو حکومت کی طرف سے تین تین لاکھ روپیہ معاوضہ دینے کا اعلان کیا اور تمام زخمیوں کو مفت علاج فراہم کرنے کی بھی جانکاری دی۔
یلاپور کے رکن اسمبلی شیو رام ہیبار نے بتایا کہ آر بیل گھاٹ پر چل رہے تعمیراتی کام اور اس حادثے کے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ، تعمیری کام کے غیر سائنسی انداز کی وجہ سے نہیں ہوا ہے، بلکہ ٹرک ڈرائیور کو نیند کا غلبہ طاری ہونے کی وجہ سے پیش آیا ہے ۔
بھیانک حادثے میں فوت ہونے والے دس افراد کی شناخت فیاض احمد ابن امام صاحب جمکھنڈی (49)، وسیم اللہ بخش (25)، کمال الدین عرف اعجاز ابن مشتاق مُلّا(22) ،محمد صادق (28)، غلام حسین جاولی (21)، امتیاز ابن محمد جعفر مُلکیری(36)، حُسین میاں عرف الفاظ ابن محمد جعفر (24)، جیلانی ابن عبدالغفار زکاتی (19)، مظہر رضا عرف اسلم (23)، جلال باشہ(26) کے طور پر کی گئی ہے ۔
یلاپور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔