ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / شراب بندی کے لیے انسانی زنجیر کوبی جے پی کی حمایت سے مانجھی بے چین

شراب بندی کے لیے انسانی زنجیر کوبی جے پی کی حمایت سے مانجھی بے چین

Wed, 11 Jan 2017 23:26:00  SO Admin   S.O. News Service

پٹنہ، 11/جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کی تعریف کے بعد شراب بندی کی حمایت میں 21/جنوری کوبہار میں بن رہی انسانی زنجیر میں بی جے پی کے نتیش کمار کی حمایت دینے کے اعلان کے ساتھ ہی این ڈی اے میں داخلی انتشار نظر آنے لگا ہے۔ہندوستانی عوام مورچہ (ہم)کے صدر اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ جتن رام مانجھی نے بدھ کو گیا میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے دبے لہجے میں نتیش کمار کی حمایت کرنے کے لیے بی جے پی کی تنقید کی۔وزیراعلیٰ نتیش کمارکے ساتھ رشتہ میں آئی تلخی کی وجہ سے نتیش کمار کے سخت مخالف مانے جانے والے مانجھی نے شراب بندی کی حمایت میں 21/جنوری کو منعقد ہونے والی انسانی زنجیر سے خود کو الگ رکھنے کا اعلان کیا ہے۔مانجھی نے انسانی زنجیر کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کہا کہ شراب بندی قانون نتیش کمار کا طالبانی فرمان ہے۔ مانجھی نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کو غلط تناظر میں پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے نشہ بندی کی بات کہی تھی جس کی شراب بندی کی حمایت کے طور پرتشہیر کی جا رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ شراب بندی قانون کے تحت 20ہزار سے زیادہ غریب لوگوں کو شراب پینے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ غیر قانونی کاروبار کرنے والے مافیا موٹی رقم دے کر چھوٹ جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی صورت میں شراب بندی قانون کی موجودہ شکل میں تبدیلی کئے بغیر اس کی حمایت کرنا صحیح نہیں ہے۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے ریاستی صدر نتیانند رائے نے شراب بندی کی حمایت میں 21/جنوری کو بہار میں بن رہی انسانی زنجیر میں نتیش کو حمایت دینے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ شراب بندی کو صرف اخلاقی حمایت ہی نہیں بلکہ بی جے پی کی شراکت بھی ہوگی۔سیاسی گلیاروں میں نتیش کمار کے پھر سے بی جے پی کے قریب جانے کی بحث کے درمیان راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادو نے بھی انسانی زنجیر کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پارٹی  کے لیڈروں اور کارکنوں کو اس میں شامل ہونے کی ہدایت دی ہے۔نتیش کمار شراب بندی کی حمایت میں 21جنوری کو دنیا کی سب سے بڑی انسانی زنجیر بہار میں بنانے جا رہے ہیں، جس میں کل 11200کلومیٹر میں بننے والی انسانی زنجیر کے بہانے بہار سے پوری دنیا کو ایک بڑا پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 


Share: