ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / بلاری میں تاریخی کانفرنس ; مسلمانوں کو متحد ہونے پرمولانا توقیر رضا اور ڈاکٹر سید ناصر حسین سمیت ائمہ حضرات کا زور

بلاری میں تاریخی کانفرنس ; مسلمانوں کو متحد ہونے پرمولانا توقیر رضا اور ڈاکٹر سید ناصر حسین سمیت ائمہ حضرات کا زور

Thu, 05 Jan 2017 01:47:48  SO Admin   S.O. News Service

بلاری 4/ جنوری (ایس او نیوز) ہندوستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا گلدستہ ہے   ہندو اور مسلمان اس ملک کی دو آنکھیں ہیں   مسلمان اور مسلمان کے درمیان تمام مسلکی اختلافات کے باوجود آج ایک پلاٹ فارم پر آنے کی ضرورت ہے   یہ بات ملک کے معروف عالم دین علامہ توقیر رضا خان بریلوی نے بلاری میں منعقدہ عظمت مصطفےٰ و صدائے اتحاد کانفرنس میں بتائی. سینئر کانگریس لیڈر و اے آئی سی سی کے ترجمان  ڈاکٹر سید ناصر حسین  کے زیر اہتمام  بلاری کے رنگ مندر میدان میں منعقدہ تاریخی کانفرنس میں مختلف مذاہب کے علمائے کرام و قائدین شریک رہے ۔ اس موقع پر مولانا توقیر رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ کچھ لوگ ہندو اور مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کرکے نفرت کا ماحول  بنانا چاہتے ہیں تاکہ انہیں سیاسی فائدہ حاصل ہو   ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس سازش کو سمجھیں اور اپنے مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر کلمہ کی بنیاد پر ایک ہوجائیں اور برادران وطن سے اچھے تعلقات بنائیں تاکہ انہیں پتہ چلے کے مسلمان مادر وطن ہندوستان کا چاہنے والا ہے   اپنے اخلاق و کردار سے برادران وطن کو سچے مسلمان کی پہچان کرائیں۔  انہوں نے کہا کہ اسلام دنیا کا واحد مذہب ہے جو مادر وطن سے محبت کا درس دیتا ہے   چند فرقہ پرستوں کی سازشوں کی وجہ سے مسلمانوں کو بدنام کیا جارہا ہے۔   مولانا توقیر رضا نے کہا کہ ہندوستان کا مسلمان دوسروں کے مقابلے میں زیادہ وطن پرست ہے   ہندوستان  جب ملک کا بٹوارہ ہوا  تھا اس وقت ہم چاہتے تو ملک چھوڑ کر جاسکتے تھے    لیکن ہم نہیں گئے ۔ بلکہ ہم نے مسلمانوں کے نام پر بننے والے ملک کو ہم نے ٹھکرادیا کیونکہ ہم وطن عزیز ہندوستان سے محبت کرتے ہیں۔ مولانا موصوف نے کہا کہ آج کا مسلمان اپنے رہن سہن اور پہناوے سے مسلمان نظر نہیں آتا   اسی وجہ سے مسلمانوں کی تعداد نمایاں طور پر نظر نہیں آتی۔ ملک کی آزادی سے پہلے سرکاری نوکریوں میں مسلمانوں کا تناسب  35 فیصد تھا کیونکہ اس وقت مسلمان مسلمان نظر آتا تھا مگر آج کا مسلمان مغربی تہذیب سے متاثر ہوکر اپنی پہچان بھلا چکا ہے اسی وجہ سے حکومت مسلمانوں کو نظرانداز کررہی ہے   ہمیں چاہئے کہ ہم اپنی زندگی میں اسلامی تہذیب اپنائیں   

اس موقع پر کانگریس کے سینئر لیڈر و اے آئی سی سی کے ترجمان سید ناصر حسین نے بتایا کہ آج سرزمین بلاری میں تمام مسلک کے علماء کرام و اکابرین ایک اسٹیج پر جمع ہوئے ہیں   انشاء اللہ آنے والے دنوں میں تمام مسلمان صدائے اتحاد کی مہم میں جُڑ کر کلمہ کی بنیاد پر ایک ہوجائیں گے   سید ناصر حسین نے کہا کہ ملک میں پچھلے ڈھائی سالوں سے فرقہ پرستی کا جو ماحول بنا ہے اتنا زیادہ فرقہ پرستی کا ماحول تو بابری مسجد کی شہادت کے وقت بھی نہیں بنا تھا   ایسے حالات میں مسلمانوں کو متحد ہونے کے علاوہ کوئی اور چارہ  نہیں ہے   انہوں نے کہا کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے   جو حالات آج سیریا میں چل رہے ہیں اور جو حالات یمن، لیبیا، عراق، افغانستان میں گزر چکے ہیں قابل افسوس اور قابل فکر ہیں   مسلمانوں کی تباہی دنیا دیکھتی رہ گئی لیکن کوئی آواز نہیں اٹھی۔ امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد وہاں کے قائدین سے جو فرقہ وارانہ بیانات سامنے آرہے ہیں وہ امریکہ کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا   بیرونی ممالک کا اثر شاید ہندوستان پر بھی ہورہا ہے۔ ہمیں ان حالات کو دیکھ کر متحد ہوجانا چاہئے اور ایک ایسی آواز ناانصافی کے خلاف اٹھانی چاہئے جس سے فرقہ پرست پست ہوجائیں۔ کانفرنس کی صدارت کررہے قاضی شہر مولانا غلام غوث صدیقی نے اپنے خطاب میں درود کی اہمیت اور برکت پر تفصیلات پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت کو دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ حضورؐ نے ہر انسان کی تعظیم کی۔ ہمیں بھی انسانیت کے نام پر ایک ہوجانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ شمالی ہند سے مولانا توقیر رضا صدائے اتحاد کی مہم لے کر ملک بھر کا دورہ کررہے ہیں   ان کے اس اقدام کی سراہنا کرنی چاہئے   اس موقع پر صدائے اتحاد کے صدر وظیفہ یاب آئی اے ایس افسر ضمیر پاشاہ نے کہا کہ مسلمانوں میں مسلکی اختلافات اور عقائد کے نام پر انتشار بڑھتا جارہا ہے   اسی وجہ سے 2011 ء میں صدائے اتحاد کی بنیاد ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے مسلمان آپس میں متحد ہوں بھر برادران وطن سے اتحاد قائم کریں   انہوں نے کہا کہ اپنے عقائد کو مت چھوڑو اور دوسروں کے عقائد کو مت چھیڑو۔ انہوں نے کہا کہ  صدائے اتحاد کے نام سے پورے ملک میں کانفرنس منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔

بلاری میں پہلی مرتبہ تمام مسلکوں کے علماء ایک پلاٹ فارم پر نظر آئے۔ اس اجلاس کے منتظمین  مجاہد علی بابا، بلاری وقف بورڈ کے چیرمین رضوان،  ڈی ایاز احمد، ٹی اسلم پرویز کے علاوہ مولانا عمران قاسمی، سردار وغیرہ موجود تھے   اس  موقع پر بڑی تعداد میں نہ صرف بلاری بلکہ اطراف و اکناف کے مرد و خواتین شریک رہے    
 


Share: