ابھی مظاہرہ، دھرنا، بند، سیاہ پٹی اور اجلاس عام نہیں کیا جائے: مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی
نئی دہلی ، 26؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب نے اپنے ایک صحافتی بیان میں فرمایا کہ حالیہ مہینوں میں حکومت ہند کے ذمہ داروں کی طرف سے شریعت اسلامی میں تبدیلی کی کوشش کاجوآغازہواہے اس کوامت مسلمہ کے تمام حلقوں نے مستردکردیاہے کیونکہ شریعت اسلامی میں کسی کوبھی تبدیلی کا کوئی حق نہیں ہے،اس ملک کا آئین ہمیں اپنی شریعت پر عمل کرنے اور مذہبی طریقہ پر زندگی گزارنے کی مکمل آزادی فراہم کرتا ہے،حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی صاحب نے اپنے صحافتی بیان میں فرمایا کہ آل انڈیامسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے دستخطی مہم پور ے ملک میں جاری ہے ۔اور ہمارے مسلمان بھائی بہن اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اس کام میں مزید تیزی لانے اور منظم انداز میں کرنے کے سلسلہ میں تمام مسلمان مردوں ا ورعورتوں سے اپیل ہے کہ اس دستخطی مہم میں پوری تندہی سے حصہ لیں اورمسلم پرسنل لا بورڈکے پیغام کوگھرگھرپہونچائیں اوراپنی صفوں میں اتحادقائم کریں اوراس بات کاعہدکریں کہ ہم اسلامی شریعت میں کسی تبدیلی کوقطعی برداشت نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی دعوت پر تمام دینی اور ملی جماعتوں کا اجتماع ۱۱؍اکتوبر اور ۱۹؍اکتوبر۲۰۱۶ء کو منعقد ہوا،جس میں جمعیت علماء ہند(دونوں حلقے)،جماعت اسلامی ہند،جمعیت اہل حدیث ہند،آل انڈیا ملی کونسل اور اتحاد ملت کونسل وغیرہ نے شرکت کی اور یہ فیصلہ کیاکہ دستخطی مہم کو پوری اہمیت اور اولیت کے ساتھ چلایا جائے،شہر سے لے کر گاؤں تک مسلمان مردوں اور عورتوں کو دستخط میں شریک کیا جائے،علمائے کرام ائمہ مساجد اور سماجی کارکن حضرات باہمی مشورہ کے بعد اس کام کو آگے بڑھائیں۔مذکورہ میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ اس سلسلہ میں کوئی مظاہرہ،دھرنا، بند، سیاہ پٹی اور اجلاس عام ابھی نہیں کیا جائے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی یہ مہم جاری رہے گی اور دستخط شدہ پروفورما کو اسکین کراکر صدر جمہوریہ کے سکریٹری کے ای میل آئی ڈی sec.president@rb.nic.in اورلا کمیشن نئی دہلی کے ای میل آئی ڈی lci-dla@nic.inپربھیجیں،خواتین کے دستخط والے پروفورما کو صدر جمہوریہ کے سکریٹری اور لا کمیشن کے ای میل آئی ڈی کے ساتھ ساتھ نیشنل ویمن کمیشن کے ای میل آئی ڈی ncw@nic.in پربھی بھیجیں اور اس بات کی کوشش ہونی چاہئے کہ دستخط شدہ پروفورما کی اصل کاپیاں پہلے مرحلہ میں ۱۲؍نومبر تک آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے دفتر اوکھلا گاؤں جامعہ نگر نئی دہلی کو دستی طور پر یا ڈاک کے ذریعہ پہونچا دیا جائے۔دستخطی مہم نومبر کے مہینہ میں بھی جاری رہے گی اور دستخط شدہ پروفورما کی دوسری قسط نومبر کے اخیر یا دسمبر کے شروع میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے دفتر میں پہونچائی جائے۔