ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سعودی عرب میں موسلادھار بارش اور سیلاب کے باعث اسکول بند، پروازیں منسوخ

سعودی عرب میں موسلادھار بارش اور سیلاب کے باعث اسکول بند، پروازیں منسوخ

Mon, 06 Jan 2025 19:30:51  Office Staff   S.O. News Service
سعودی عرب میں موسلادھار بارش اور سیلاب کے باعث اسکول بند، پروازیں منسوخ

جدہ ، 6/ جنوری (ایس او نیوز) سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں پیر کے روز شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوگیا۔ کئی علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے اور جدہ ایئرپورٹ سے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں گاڑیوں کو مرکزی مکہ مکرمہ میں کھڑے پانی میں پھنسے ہوئے اور جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

سعودی میڈیا کی رپورٹوں کے  مطابق بارش پیر کو صبح سے دوپہر تک مسلسل سات گھنٹے تک جاری رہی، جس کی شدت بہت زیادہ تھی۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے بتایا کہ  جدہ کے علاقے البساتین میں سب سے زیادہ 38 ملی میٹر بارش درج کی گئی ، جبکہ مسجد نبوی کے مرکزی علاقے میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

حسین القحطانی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ حکام کی ہدایات اور وارننگز پر عمل کریں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔

قومی مرکز برائے موسمیات کے مطابق، درمیانے سے شدید طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری اور گرد و غبار والےطوفان کا خدشہ ہے۔ متاثرہ علاقوں میں شمالی سرحدی خطے، الجوف، حائل، مدینہ، قصیم، مشرقی صوبہ، ریاض، مکہ مکرمہ اور الباحہ شامل ہیں، جبکہ تبوک کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور دھند کا امکان ہے۔ شمالی حصوں میں ہلکی برف باری کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔

حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر مختلف علاقوں میں بجلی کی مرمت کے کام کرنے والے کارکنوں کی تصاویر شیئر کی ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں موسم سرما کے دوران بارش اور سیلاب کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے، تاہم زیادہ آبادی والے شہر نکاسی آب کے مسائل کا سامنا کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے بارش کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔


Share: