ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / دبئی: بی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رائزنگ اسٹار اور این سی ڈی کی شاندار جیت ؛ اتوار 26جنوری کو ہوگا فائنل

دبئی: بی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رائزنگ اسٹار اور این سی ڈی کی شاندار جیت ؛ اتوار 26جنوری کو ہوگا فائنل

Mon, 20 Jan 2025 17:03:45  IG Bhatkali   S O News
دبئی: بی پی ایل کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رائزنگ اسٹار اور این سی ڈی کی شاندار جیت ؛ اتوار 26جنوری کو ہوگا فائنل

دبئی 20 جنوری (ایس او نیوز)  دبئی کے قریب شارجہ  جے ایم آر گراونڈ میں منعقدہ جان اینڈ بروس بھٹکل پریمئر لیگ (بی پی ایل) ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں رائزنگ اسٹار نے ڈی وی ایس یونائیٹڈ کو اور دوسرے سیمی فائنل میں نوائط کرکٹ دبئی (این سی ڈی) اسمیشرس نے ابوظبی رائیڈرس کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ اس طرح یہ ٹورنامنٹ اب اپنے اختتامی مراحل میں پہنچ چکا ہے ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ اتوار 26جنوری کو ہوگا جس کے تعلق سے توقع کی جارہی ہے کہ فائنل میچ نہایت دلچسپ ہوگا اور اس  سے لطف اندوز ہونے کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔

اتوار 19 جنوری کو کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں ٹوس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے رائزنگ اسٹار نے  مقررہ 20 اووروں میں  199رنوں پر آل آوٹ ہوگئی اور ڈی وی ایس یونائٹیڈ کو جیت کے لئے 200 رنوں کا لمبا ٹارگٹ دیا۔ رائزنگ اسٹار کی جانب سے سید افضان نے ۲ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ۴۸ گیندوں پر ۵۶ رن بنائے۔ ایک اور اوپنر عمران خطیب نے بھی ۲۰ گیندوں پر ۳۹ رن بناتے ہوئے ٹیم کو اچھا آغاز دیا۔ان کے بعد نُمیر ساوڑا (۱۷)، محمد علی جوشیدی  (۱۴)، ساحل ساوڑا ( ۱۲) کے ساتھ  سید مرتضیٰ برماور نے  محض ۹ گیندوں پر ۲۴ رن اسکو ر کرتے  ہوئے   ایک بڑا اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب رہے۔ جواب میں ڈی وی ایس یونائٹیڈ نے بھی ا بتدا میں اچھے کھیل کا مظاہرہ پیش کیا، مگر  چوتھے اوور میں ۴۵ رنوں کے اسکور پر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد ایک کے بعد ایک کھلاڑیوں کا میدان میں آنے اور جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔  ڈی وی ایس کی طرف سے عبدالقوی موٹیا نے ۱۸ گیندوں پر تین چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ۳۷ رن بنائے۔ نور ائیکری (۱۷)، منہاج طاہرہ (۱۲)، سلیمان (۱۸) کے بعد ایہاب اُدیاور نے ۲۲ رن اسکور کئے، جبکہ دانش جبالی نے ناٹ آوٹ ۱۵ رن بنائے، اس طرح پوری ٹیم مقررہ ۲۰ اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر ۱۵۹ رن ہی بناپائی  ، جس کے نتیجے میں رائزنگ اسٹار نے  ۴۲ رنوں سے جیت حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئی۔ سید مرتضیٰ برماور جس نے دھواں دار بلے بازی کے ساتھ   دو وکٹیں بھی حاصل کئے تھے، مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

dubai-bpl-semi-final-match-1.jpg

فلڈ لائٹ  کی روشنی   اور نہایت سرد موسم   میں  کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں این سی ڈی اسمیشرس نے ٹاس جیت کر ابوظبی رائیڈرس کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ محمد رمضان (۲۳)، عبدالحمید گوائی (۳۶) اور ساتویں نمبر پر میدان میں اُترنے والے  والے عبدالفتاح نے ۲۶ گیندوں پر تین چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے دھواں دار ۴۸ رن  بناتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچانے کی کوشش کی، مگر مقررہ ۲۰ اووروں میں  ابوظبی رائیڈرس آٹھ وکٹوں کے نقصان پر  ۱۷۲ رن ہی بناسکی۔ جواب میں   نوائط کرکٹ دبئی (این سی ڈی) اسمیشرس نے ۱۸ اووروں میں ہی مطلوبہ اسکور کو پار کرتے ہوئے یہ میچ چار وکٹوں سے جیت لیا اور فائنل میں داخل ہوگئی۔ این سی ڈی کے  اوپنر سرفراز جوکاکو اور اسماعیل خان نے اپنی ٹیم کو بہترین اسٹارٹ دیتے ہوئے ابتدا سے ہی مخالف ٹیم پر دباو بنائے رکھنے میں کامیاب رہے۔ ایک طرف سرفراز نے  طوفانی اننگز کھیلتے ہوئے محض ۱۸ گیندوں میں ۴۵ رن بنائے تو دوسری طرف  اسماعیل خان نے بھی ۳۰ رن بناتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو  مضبوط بنانے میں مدد کی۔ ساتویں اوور کی پہلی گیند پر  جب شہروز نے اسماعیل خان کو  عبدالباسط معلم کے ہاتھوں کیچ کراتے ہوئے پویلین لوٹایا تو اُس وقت تک  این سی ڈی ۷۴ رن بناکر  کافی مضبوط پوزیشن میں پہنچ چکی تھی۔ آٹھویں اوور میں سرفراز کوعُزیر برماور نے  بولڈ کردیا۔ دونوں سلامی بلے بازوں کے آوٹ ہونے کے بعد  اِزھان  خطیب (۳۲) ،  خلیل گولٹے (۲۷) اور  عبدالوصی (۲۵) نے بھی ٹیم کو جیت دلانے میں بہترین بلے بازی پیش کی اور ۱۸ اووروں میں ہی  چھ وکٹوں کے نقصان پر این سی ڈی نے ۱۷۷ رن بناتے ہوئے  میچ چار وکٹوں سے جیت لیا۔ خلیل گولٹے جنہوں نے  ۲۷ رن بنانے کے ساتھ ساتھ چار وکٹیں بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ مین آف دی میچ کے حقدار  قرار پائے۔

duba-bpl-semifinal-2.jpg

ٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ اب اگلے اتوار یعنی 26 جنوری کو دو سب سے مضبوط ٹیموں   این سی ڈی اسمیشرس اور رائزنگ اسٹار کے درمیان کھیلا جائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ  فائنل میچ کانٹے کی ٹکر کا ہوگا اور شائقین کرکٹ کو زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ چونکہ سیمی فائنل میچوں میں بھی کافی بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ ، میچوں سے لطف اندوز ہونے کے لئے موجود تھے۔ فائنل میں مزید کثیر تعداد میں حاضرین  کرکٹ کا لطف اُٹھانے کے لئے پہنچنے کی توقع ہے۔ 


Share: