ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: مکتب جامعہ اسلامیہ میں پھلوں اور سبزیوں کی نمائش؛ صحت بخش غذاؤں کے استعمال کا پیغام

بھٹکل: مکتب جامعہ اسلامیہ میں پھلوں اور سبزیوں کی نمائش؛ صحت بخش غذاؤں کے استعمال کا پیغام

Tue, 24 Nov 2026 19:28:36    S O News
بھٹکل: مکتب جامعہ اسلامیہ میں پھلوں اور سبزیوں کی نمائش؛ صحت بخش غذاؤں کے استعمال کا پیغام

بھٹکل 24/نومبر (ایس او نیوز) : طلبہ اور عوام میں صحت بخش غذاؤں کے استعمال سے متعلق بیداری پیدا کرنے اور قدرتی پھلوں و سبزیوں کی غذائی اہمیت اجاگر کرنے کے مقصد سے چوک بازار میں واقع مکتب جامعہ اسلامیہ میں پھلوں اور سبزیوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

نمائش کے ذریعے طلبہ نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کو اسکول بھیجتے وقت بازار کے جنک فوڈ اور دیگر غیر صحت بخش اشیاء کے بجائے گھر میں تیار کردہ غذائیت سے بھرپور ناشتہ ٹفن میں دیں۔ اس کے علاوہ تازہ پھلوں، سبزیوں اور قدرتی جوس کے استعمال کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔

bhatkal-exhibition-2

جامعہ اسلامیہ کے مہتمم ( پرنسپال) مولانا مقبول کوبٹے ندوی نے نمائش کا افتتاح کیا اور اس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے روزمرہ غذا میں قدرتی پھلوں اور سبزیوں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر جامعہ اسلامیہ کے صدر مولوی عبدالعلیم قاسمی، مولانا طلحہ رکن الدین ندوی سمیت کئی علما اور اساتذہ موجود تھے۔

نمائش میں طلبہ نے مختلف پھلوں، سبزیوں، پیپر کرافٹ سے تیار کردہ نمونوں اور تازہ پھلوں کے جوس کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ کم عمر طلبہ نے بھی والدین کو پیغام دیا کہ بچوں میں ابتدائی عمر ہی سے صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور غذائیں استعمال کرنے کی عادت ڈالی جائے۔

نمائش کو دیکھنے کے لیے خواتین اور مردوں کی بڑی تعداد نے مکتب جامعہ اسلامیہ کا رخ کیا اور طلبہ کی کوششوں کو سراہا۔ انتظامیہ کی جانب سے خواتین کے لیے صبح سے دوپہر تک اور مردوں کے لیے دوپہر سے شام تک نمائش دیکھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔

Click here for report in English

Click here for video


Share: