ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے پانچ طلبہ کرناٹک یونیورسٹی کرکٹ ٹیم میں منتخب

بھٹکل کے پانچ طلبہ کرناٹک یونیورسٹی کرکٹ ٹیم میں منتخب

Thu, 19 Nov 2026 20:37:11    S O News
بھٹکل کے پانچ طلبہ کرناٹک یونیورسٹی کرکٹ ٹیم میں منتخب

بھٹکل: (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے پانچ باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں نے کرناٹک یونیورسٹی (دھارواڑ) کی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا کر علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ منتخب ہونے والوں میں قومی تعلیمی ادارہ انجمن کے چار طلبہ اور مرڈیشور کے بینا وئیدیا کالج کا ایک طالب علم شامل ہے۔ اس کامیابی پر بھٹکل کے کرکٹ حلقوں میں خوشی اور مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔

انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر اپلیکیشن (AIMCA) کے فزیکل ڈائریکٹر موہن میستا نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انجمن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس کے چار طلبہ نے ایک ساتھ کرناٹک یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ ان میں تین طلبہ AIMCA اور ایک طالب علم انجمن ڈگری کالج سے تعلق رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کرناٹک یونیورسٹی سے ملحقہ 220 کالجوں کے 116 کھلاڑیوں نے دھارواڑ میں منعقدہ تین روزہ سلیکشن سیشن میں حصہ لیا تھا، جہاں مختلف مراحل میں ان کی صلاحیتوں اور کھیل کا جائزہ لیا گیا۔ اس عمل کے بعد کرناٹکا یونیورسٹی کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب کیے گئے 18 کھلاڑیوں میں بھٹکل کے انجمن کالجوں کے چار طلبہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یونیورسٹی کی ٹیم میں شامل بھٹکل کے کھلاڑی آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ٹورنامنٹ میں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف انجمن بلکہ پورے بھٹکل کا نام روشن کریں گے۔

بھٹکل اسپورٹس اکیڈمی، جو 2018 سے قائم ہے، کے چیئرمین وسیم کے ایم کے مطابق، منتخب ہونے والے پانچوں کھلاڑیوں نے ان کی اکیڈمی سے کرکٹ کی تربیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی ان کی اکیڈمی کے دو کھلاڑی یونیورسٹی ٹیم میں منتخب ہوئے تھے، جبکہ اس سے پہلے بھی ایک ایک کھلاڑی کو یہ اعزاز حاصل ہوتا رہا ہے۔ تاہم، اس مرتبہ پانچ کھلاڑیوں کا انتخاب علاقے کے لیے ایک نمایاں کامیابی ہے۔ ان کے مطابق، بھٹکل کے ان کھلاڑیوں نے سلیکشن کے پانچوں مراحل میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ منتخب کھلاڑیوں نے بھی اپنی کامیابی میں اکیڈمی کی تربیت اور رہنمائی کے کردار کا اعتراف کیا ہے۔ بعض کھلاڑیوں نے یاسر سر، عاصم سر، مدثر سر، عاصم کٹپاڈی، یاسر نہال اور انس مُلّا کی رہنمائی اور تعاون کو بھی اپنی کامیابی میں اہم قرار دیا ہے۔

منتخب ہونے والے پانچ کھلاڑیوں کا تعارف:
1۔ محمد ساحل پٹھان: رفیق پٹھان کے فرزند، AIMCA میں بی بی اے سیکنڈ ایئر کے طالب علم ہیں اور مدینہ اسپورٹس سینٹر سے وابستہ ہیں۔ وہ وکٹ کیپر بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلتے ہیں۔

2۔ جعفر جُمان جوشیدی: جمیل احمد جوشیدی کے فرزند اور انجمن میں بی بی اے تھرڈ ایئر کے طالب علم ہیں۔ لائن اسپورٹس سینٹر سے وابستہ ہیں اور اپنی بہترین بلے بازی کے لیے جانے جاتے ہیں۔

3۔ محمد ایمن مُلّا: رفیق مُلّا کے فرزند اور AIMCA میں بی بی اے سیکنڈ ایئر کے طالب علم ہیں۔ سلطانی ویلفیئر اسوسی ایشن سے وابستہ ہیں اور بہترین بلے باز کے طور پر جانے جاتے ہیں۔

4۔ محمد یحیٰ پلّور: انجمن آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کالج میں بی کام فرسٹ ایئر کے طالب علم ہیں اور حنیف آباد ویلفیئر اسوسی ایشن کی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں۔ وہ آل راؤنڈر کی حیثیت سے کھیلتے ہیں ۔

5۔ ارسلان پائلٹ: آدم پائلٹ کے فرزند اور مرڈیشور کے بینا وئیدیا کالج میں بی کام تھرڈ ایئر کے طالب علم ہیں۔ پرنس منکی کرکٹ ٹیم  کی نمائندگی کرتے ہوئے آل راؤنڈر کی حیثیت سے کھیلتے ہیں۔

بھٹکل سے تعلق رکھنے والے پانچ کھلاڑیوں کا یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم میں انتخاب نہ صرف انفرادی کھلاڑیوں کی محنت اور صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ مقامی سطح پر جاری کرکٹ تربیت اور کھیل کے فروغ کی کوششوں کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا کامیابی ہے۔

Click here for report in English 


Share: