ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب بنٹوال میں معمولی بات پر بھتیجی نے تلوار سے کردیا چچا کا قتل

مینگلور کے قریب بنٹوال میں معمولی بات پر بھتیجی نے تلوار سے کردیا چچا کا قتل

Wed, 25 Nov 2026 12:33:32    S O News

 مینگلور ،25 / نومبر(ایس او نیوز) مینگلور کے قریب بنٹوال تعلقہ کے  وٹلا پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع کنیانا گاؤں میں منگل کی رات کو معمولی بات پر شروع ہونے والا ایک خاندانی تنازعہ بھتیجی کے ہاتھوں چچا کے قتل کی صورت اختیار کر گیا۔  

اطلاع کے مطابق مقتول کی شناخت کنیانا گاؤں کے رہائشی 52 سالہ چنّیا پجاری کے طور پر ہوئی ہے جبکہ ملزمہ 26 سالہ شادی شدہ خاتون کریتیکا  مقتول کے جڑواں بھائی کوٹی پجاری کی بیٹی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ کوٹی پوجاری اور چنّیا پوجاری جڑواں بھائی تھے اور ایک ہی علاقے میں رہتے تھے۔ کریتیکا حال ہی میں اپنے والدین کے گھر واپس آئی تھی۔

بتایا جاتا ہے کہ منگل کی شام تقریباً 7 بجے چنّیا پجاری مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا ۔ اس دوران کسی بات پر اس کے اور  کریتیکا کے درمیان بحث شروع ہوگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ بحث شدت اختیار کر گئی اور غصے میں آکر کریتیکا نے مبینہ طور پر گھر سے تلوار اٹھائی اور اپنے چچا کے سینے میں گھونپ دی۔

اس حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد چنّیا پجاری خون میں لت پت ہو کر گر پڑا اور مقامی باشندوں نے اسے فوری طور پر وٹلا سرکاری ہسپتال پہنچایا ۔ وہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج کے لیے اسے پتور سرکاری ہسپتال لے جانے کا مشورہ دیا ۔ لیکن پتور لے جاتے وقت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے چنیا کی موت واقع ہوگئی۔

معلوم ہوا ہے کہ مقتول کی اہلیہ ایک عرب ملک میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہیں۔ چچا اور بھتیجی کے درمیان جھگڑے کی اصل وجہ اور قتل کے محرکات کا تعین پولیس کی تفتیش کے ذریعے کیا جائے گا۔

وٹل پولیس انسپکٹر پرکاش دیواڈیگا اور دیگر پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا دورہ اور معائنہ کیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمہ کریتیکا کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔ 


Share: