بنگلورو، 25/ نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے منگل کو بنگلور میں احتجاج کر رہی آشا کارکنوں سے اپنا احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت ان کے مسائل کا حل نکالے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت شہری کچرا انتظام کے مسائل کا مستقل حل تلاش کرنے کے لیے جاپان کی جدید ترین کچرے سے بجلی بنانے کی ٹیکنالوجی کا مطالعہ کر رہی ہے۔ سرکاری دورے پر جاپان گئے شیوکمار نے وہاں سے ویڈیو کال کے ذریعے احتجاجی آشا کارکنوں کےنمائندوں سے بات کی۔ انہوں نے کارکنوں سے ان پر بھروسہ رکھنے اور ان کے مطالبات پر غور کرنے کیلئے اسمبلی اجلاس تک کا وقت دینے کی درخواست کی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ ویڈیو کال جاپان میں ایک ٹرین میں سفر کرتے ہوئے کیا۔واضح رہےکہ آشا کارکنان بنگلور کے فریڈم پارک میں دھرنا دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا’’مجھے آشا کارکنوں کی خصوصی فکر ہے۔ ہم یقینی طور پر آپ کے مسائل کا حل نکالیں گے ۔ براہ کرم اپنا احتجاج واپس لیں اور مجھ پر بھروسہ رکھیں۔ ‘‘
مسلسل جاری احتجاج اور بھوک ہڑتال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس تحریک سے خواتین کارکنوں کو کافی دشواری ہو رہی ہے اور انہیں کٹھن حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے ان الفاظ میں یقین دہانی کرائی’’مختلف محکموں سے جڑے الگ الگ مطالبات ہیں۔ اسمبلی اجلاس کے دوران محکمہ خزانہ کے ساتھ آپ کے مطالبات پر تبادلہ خیال کروں گا۔ آپ سخت محنت کر رہی ہیں اور آپ کے ساتھ انصاف ہوگا۔ مجھے اسمبلی اجلاس تک کا وقت دیں۔‘‘انہوں نے کارکنوں کو ان سیاسی لیڈروں سے بھی ہوشیار رہنے کو کہا جو ان کی تحریک سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ لیڈر درحقیقت ان کی مدد کرنے کی بجائے اپنے سیاسی مفادات کیلئے اس احتجاج کو استعمال کریں گے۔ڈی کے شیوکمار نے کہا’’جو سیاسی لیڈر آپ کے تئیں ہمدردی جتا رہے ہیں، وہ آپ کی مدد نہیں کریں گے۔ وہ اپنی سیاست کے لیے آپ کا استعمال کریں گے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آپ کے مسائل کا حل ضرور نکالیں گے۔‘‘واضح رہےکہ آشا کارکنان ماہانہ ۱۵؍ ہزار روپے مقررہ معاوضہ کا مطالبہ کررہی ہیں۔