منگلورو، 24 / نومبر (ایس او نیوز) مانی – میسورو ہائی وے کے کنارے پائپ لائن بچھانے کے لئے کھدائی کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پتور، سولیا اور کڈبا کو پانی فراہم کرنے کا اہم ترین منصوبہ متاثر ہوا ہے ۔
'جل جیون مشن' کے تحت دیہی علاقوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے مقصد سے جو منصوبہ بنایا گیا ہے اس کی لاگت 780 کروڑ روپے ہے ۔ بنٹوال میں شامبور کے پاس نیتراوتی ندی سے پانی پمپ کیا جائے گا اور بنٹوال، پتور، سولیا اور کڈبا تعلقہ جات کو فراہم کیا جائے گا ۔ اس منصوبے کا 70% فیصد کام پورا ہو چکا ہے ۔ لیکن پتور، سولیا اور کڈبا کے لئے جو پائپ لائن بچھانے کا کام ہےوہ ہائی وے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے رکا ہوا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کا سبب بن رہا ہے ۔
بنٹوال دیہی علاقے کے واٹر سپلائی ڈپارٹمنٹ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر نتیش کمار نے بتایا کہ ہم نے ٹھیکیدار کو ہدایت دی ہے کہ پتور علاقے کا کام آئندہ سال مارچ تک مکمل کر دے ۔ ہمیں امید ہے کہ اس ماہ کے آخر تک ہمیں ہائی وے کے کنارے کھدائی کی اجازت مل جائے گی ۔