کاروار ،24 / نومبر(ایس او نیوز) اتر کنڑا ضلع میں کم عمر اور نابالغ لڑکیوں کے ساتھ جنسی ہراسانی کے معاملوں میں پچھلے کچھ عرصے سے تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ کے بے لگام استعمال سے سماج پر جو منفی نتائج پڑتے ہیں یہ صورت حال اس کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔
گزشتہ یکم اپریل سے 31 اکتوبر تک پچھلے سات مہینوں کی دستیاب تفصیلات کے مطابق اتر کنڑا ضلع میں کُل 75 معاملے پولیس کے پاس درج کیے گئے ہیں ۔ ان میں سب سے زیادہ 11 معاملوں کے ساتھ ہلیال تعلقہ سب سے آگے ہے ۔ ان گیارہ معاملات میں دس معاملے پوکسو قانون کے تحت درج کیے گئے ہیں ۔
دوسرے نمبر سرسی تعلقہ میں بھی جنسی ہراسانی کے گیارہ معاملے پیش آئے ہیں ، لیکن یہاں پوکسو کے 7 معاملے درج ہوئے ہیں ۔ اسی طرح ہوناور میں 4 پوکسو کے ساتھ جملہ 9 معاملے درج ہوئے جبکہ جوئیڈا میں 6 پوکسو کے ساتھ کُل7 معاملے ریکارڈ ہوئے ۔
اس طرح ضلع میں نابالغ لڑکیوں کے ساتھ ہوئے 75 جنسی جرائم اور ہراسانی کے معاملوں میں 48 پوکسو کے کیس ہیں جبکہ 23 'کم سن حاملہ' اور4 'کم سن ماں' کے معاملے درج کیے گئے ہیں ۔