ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : 'پرجا سیوا آندولن' بن گیا ہے صرف احوال سننے کا ذریعہ – حل نہیں ہو رہے ہیں مسائل

بھٹکل : 'پرجا سیوا آندولن' بن گیا ہے صرف احوال سننے کا ذریعہ – حل نہیں ہو رہے ہیں مسائل

Tue, 24 Nov 2026 16:43:22    S O News
بھٹکل : 'پرجا سیوا آندولن' بن گیا ہے صرف احوال سننے کا ذریعہ – حل نہیں ہو رہے ہیں مسائل

بھٹکل،24 / نومبر(ایس او نیوز)  ریاستی حکومت نے عوام کے مسائل کی جانکاری حاصل کرکے انہیں راحت فراہم کرنے کے مقصد جو 'پرجا سیوا آندولن' شروع کیا ہے وہ فی الواقع ایک قابل ستائش اقدام ہے ، لیکن دشواری یہ ہے کہ عملی طور پر یہ سلسلہ صرف عوام کا احوال سننے تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، کیونکہ ان کی طرف  سے پیش کیے گئے مسائل حل ہوتے ہوئے نظر نہیں آتے ۔ 
    
'پرجا سیوا آندولن' کے تحت سرکاری افسران ہفتے میں ایک مرتبہ سڑکوں، نالیوں، پینے کے پانی کی قلت، رہائش کی دشواریوں سمیت بنیادی ضروریات سے متعلقہ مسائل  کے علاوہ ذاتی مشکلات کے بارے میں عوام سے درخواستیں وصول کرتے ہیں ۔   
    
تمام درخواستوں اور اس سے متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد سرکاری افسران دستیابی اور اس کے لئے شرائط و ضوابط کو سامنے رکھتے ہوئے ان درخواستوں پر اپنی طرف سے نوٹ لکھتے ہیں ۔  مگر سرکاری افسران کے سامنے مشکل یہ ہوتی ہے کہ ان مسائل کو حل کرنے کے لئے جو ضروری فنڈ ہوتا ہے وہ حکومت کی طرف سے جاری نہیں کیا جاتا ۔ اس طرح سرکاری فنڈ کی کمی عوامی مسائل حل کرنے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بن جاتی ہے ۔

سرکاری افسران کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے 'پرجا سیوا' پروگرام منعقد کرنے کے لئے تین دن تک پیشگی تیاریاں کرنا پڑتا ہے ۔ اس کے لئے تمام محکمہ جات کے افسران کو اپنے روزانہ معمولات کی ذمہ داریاں چھوڑ کر اس پرجا سیوا میٹنگ کی تیاریوں میں لگ جانا پڑتا ہے ۔ پروگرام ختم ہوتے ہی موصولہ درخواستوں کی جانچ اور ضروری نوٹ لکھنے کی کارروائی میں چند دن گزر جاتے ہیں ۔ اس طرح ایک طرف سرکاری افسران اپنی روزمرہ کی انتظامی ذمہ داریاں ادا کرنے اور عوام کو خدمات فراہم کرنے کے لئے وقت نہیں نکال پاتے ۔ 

دوسری طرف سرکاری فنڈ نہ ملنے کی وجہ سے اچھے مقصد سے شروع کی گئی 'پرجا سیوا' تحریک کے مثبت نتائج عوام کو حاصل  نہیں ہو رہے ہیں ۔ 


Share: