بنگلور ، 15اکتوبر (ایس او نیوز) سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے کہاکہ ایک ملک ایک قانون کے مقصد کو شرمندۂ تعبیر کرنے کیلئے مرکزی حکومت یکساں سول کوڈ لانا چاہتی ہے، لیکن اس کا نفاذ ملک کے عوام کی رائے جاننے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ آج ریاستی بی جے پی دفتر میں والمیکی جینتی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا معاملہ ابھی بحث کے مرحلے میں ہے۔ تمام حالات کا جائزہ لینے کے بعد ہی مرکزی حکومت کوئی بھی فیصلہ کرے گی۔ یڈیورپا نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے بیشتر دلت سیاسی رہنما بی جے پی کا رخ کررہے ہیں۔ عنقریب سابق وزیر وی سرینواس پرساد کو بی جے پی میں شامل کرنے کے سلسلے میں ان سے بات چیت کی جائے گی۔ پیر کے روز اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کے بعد وہ اپنے فیصلے کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہاکہ سرینواس پرساد جو بھی فیصلہ کریں گے بی جے پی ان کے فیصلے کا احترام کرے گی۔اس موقع پر سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک ، بی جے پی ایس سی مورچہ کے صدر راجو گوڈا، اقلیتی مورچہ کے صدر عبدالعظیم اور دیگر لیڈران موجود تھے۔