ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاروار: مسودہ ووٹر لسٹ جاری، بھٹکل میں 2.13 لاکھ سمیت ضلع اترکنڑا میں 11.23 لاکھ ووٹرس

کاروار: مسودہ ووٹر لسٹ جاری، بھٹکل میں 2.13 لاکھ سمیت ضلع اترکنڑا میں 11.23 لاکھ ووٹرس

Mon, 24 Aug 2026 19:21:01    S O News

کاروار 24/اگست (ایس او نیوز): ووٹروں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR-2026) کے تحت اترکنڑا ضلع کی مسودہ ووٹر لسٹ پیر کو جاری کردی گئی۔ ضلع الیکشن افسر و ڈپٹی کمشنر کے. لکشمی پریا کے مطابق مسودہ فہرست میں 5,62,004 مرد، 5,61,014 خواتین اور 4 تیسری جنس کے ووٹروں سمیت مجموعی طور پر 11,23,022 ووٹر شامل ہیں۔

مسودہ فہرست کے مطابق ہلیال اسمبلی حلقہ میں 1,67,767، کاروار میں 1,98,962، کمٹہ میں 1,77,434، بھٹکل میں 2,13,682، سرسی میں 1,91,751 اور یلاپور میں 1,73,426 ووٹر ہیں۔

پولنگ بوتھوں کی ازسرنو تقسیم کے بعد ضلع کے چھ اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 1,523 پولنگ بوتھ ہوں گے، جو سابقہ تعداد کے مقابلے میں 78 زیادہ ہیں۔ ہلیال میں 234، کاروار میں 265، کمٹہ میں 227، بھٹکل میں 273، سرسی میں 278 اور یلاپور میں 246 پولنگ بوتھ قائم کیے جائیں گے۔

نام اور تفصیلات پر دعوے و اعتراضات کا موقع
مسودہ ووٹر لسٹ جاری ہونے کے بعد ووٹروں کو اپنے نام، تفصیلات اور فہرست سے متعلق دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کے لیے 24 اگست سے 23 ستمبر تک کا وقت دیا گیا ہے۔ موصول ہونے والے دعووں اور اعتراضات کی یکسوئی کا عمل 24 اگست سے 22 اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ حتمی ووٹر لسٹ 27 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

مَیپنگ نہ ہونے والے ووٹروں، مَیپنگ میں منطقی تضاد رکھنے والے ووٹروں اور دیگر ضروری معاملات کے سلسلے میں متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کرکے سماعت کی جائے گی۔ یہ نوٹس بی ایل اوز کے ذریعے متعلقہ ووٹروں تک پہنچائے جائیں گے۔ نوٹس موصول ہونے والے ووٹروں کو مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر ذاتی طور پر حاضر ہوکر متعلقہ دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

اگر کوئی ووٹر پہلی سماعت میں حاضر نہیں ہوتا تو اسے دوبارہ ایک اور تاریخ دے کر ضروری دستاویزات کے ساتھ حاضر ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ تاہم زیادہ سے زیادہ دو سماعت کی تاریخیں ہی دی جاسکیں گی۔

18 سال مکمل کرنے والوں کو نام درج کرانے کا موقع
23 ستمبر تک دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت کے دوران ایسے اہل شہری، جو یکم اکتوبر 2026 تک 18 سال کی عمر مکمل کرچکے ہوں گے، ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کراسکتے ہیں۔ اس کے لیے فارم نمبر 6 کے ساتھ مقررہ دستاویزات اور ڈکلیئریشن فارم جمع کرانا لازمی ہوگا۔

اسی طرح ووٹر لسٹ سے نام حذف کرانے کے لیے فارم نمبر 7 استعمال کیا جاسکتا ہے۔ نام یا دیگر تفصیلات میں مختلف نوعیت کی اصلاحات کرانے کے علاوہ ایک ہی اسمبلی حلقے کے اندر ایک پولنگ بوتھ سے دوسرے پولنگ بوتھ یا ایک اسمبلی حلقے سے دوسرے اسمبلی حلقے میں ووٹر کا نام منتقل کرانے کی سہولت بھی دستیاب رہے گی۔

ووٹر لسٹ سے متعلق مزید معلومات کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ویب سائٹ ceokarnataka.gov.in اور اترکنڑا ضلعی انتظامیہ کی سرکاری ویب سائٹ uttarakannada.nic.in پر تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے ضلع ووٹر ہیلپ لائن کے ٹول فری نمبر 1950 پر رابطہ کریں۔


Share: