ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہر سات سیکنڈ میں 15سال سے کم عمر کی ایک بچی بیاہ دی جاتی ہے

ہر سات سیکنڈ میں 15سال سے کم عمر کی ایک بچی بیاہ دی جاتی ہے

Tue, 11 Oct 2016 16:52:28    S.O. News Service

نیویارک،11؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بچوں کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی امدادی ادارے ’’سیو دا چلڈرن‘‘نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ہر سات سیکنڈ میں 15سال سے کم عمر ایک بچی کی شادی ہو جاتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈیا، افغانستان، یمن اور صومالیہ جیسے ممالک میں دس سال تک کی عمر کی لڑکیوں کی ان کی عمر سے بہت بڑے مردوں سے شادیاں ہو رہی ہیں۔ادارے کا کہنا ہے کہ کم عمری کی شادی سے کسی لڑکی کی پوری زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔ یہ رپورٹ منگل کو منائے جانے والے لڑکیوں کے بین اقوامی دن کے موقعے پر جاری کی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غربت و افلاس لڑکیوں کی کم عمری کی شادی کے اہم عوامل ہیں۔سیو دا چلڈرن انٹرنیشنل کی چیف ایگزیکٹیو ہیلے تھوننگ شمٹ نے کہا کہ کم عمری میں شادی سے ناموافق صورت حال کا ایک سلسلہ شروع ہو جاتا ہے اور اس سے سیکھنے، نشو و نما پانے اور بچہ رہنے کے لڑکیوں کے بنیادی حقوق کی پامالی ہوتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ جن لڑکیوں کی بہت جلدی شادی ہو جاتی ہے وہ عام طور پر سکول سے محروم رہ جاتی ہیں اور ان کے ساتھ گھریلو استحصال، تشدد اور ریپ کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ وہ حاملہ ہو سکتی ہیں اور ایچ آئی وی سمیت دوسرے جنسی امراض کا بھی خطرہ بڑھ جاتا ہے۔’’ایوری لاسٹ گرل‘‘ یعنی ہر آخری لڑکی تک نامی اس رپورٹ نے دنیا کے ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ یہ درجہ بندی سکول جانے، کم عمری میں شادی، کم عمری میں حمل، زچگی میں اموات اور پارلیمان میں خواتین کے تحت کی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ زدہ علاقے میں لڑکیوں کے بچپن میں دلھن بننے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کئی پناہ گزین خاندان اپنی بچیوں کو غربت اور جنسی استحصال سے بچانے کے لیے ان کی جلدی شادی کرا دیتے ہیں۔لبنان میں قیام پذیر شامی پناہ گزین سحر (اصلی نام نہیں)کی 13سال کی عمر میں ایک 20سال کے لڑکے سے شادی ہو گئی تھی اور اب وہ 14سال کی ہیں اور دو ماہ کی حاملہ ہیں۔اسی طرح سیئرا لیون میں ایبولا کی وبا سے سکول بند ہونے کے نتیجے میں 14ہزار 19سال سے کم عمر کی لڑکیاں حاملہ ہو گئیں۔اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف نے خبردار کیا ہے کم عمری میں شادی کے واقعات آج جہاں 70کروڑ ہیں وہ سنہ 2030تک 95کروڑ ہو جائیں گے۔


Share: