بنگلور12؍اکتوبر(ایس او نیوز) کرناٹک بی جے پی کے صدر سابق وزیر اعلیٰ بی یس ایڈی یورپا نے کیرلا ریاست میں آر یس یس کے ایک لیڈر اور بی جے پی ورکر کے قتل کی کڑی مذمت کرتے ہوئے ان واقعات کے لئے کیرلا کی سی پی ایم قیادت والی حکومت کو ذمہ دار ٹہرایا ہے۔ آج اس سلسلہ میں جاری کردہ اپنے اخباری بیان میں ایڈی یورپا نے کہاہے کہ سی پی ایم کی قاتلانہ سیاست سے ہر کوئی واقف ہے۔ جب سے کیرلا میں سی پی ایم نے دوبارہ اقتدار حاصل کیا ہے کیرلا میں اس طرح کے قتل کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اور اس نے صاف ظاہرہے کہ کیرلا میں حکومت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی ہے۔ اوروہاں لائینڈ آرڈر کامسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔ یہ قتل وزیر اعلیٰ شری پنا رائی وجین کے آبائی گاؤں کے ایک پٹرول بنک سے قریب ہوا ہے۔یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ مقتول ریمت کا باپ بھی سی پی ایم ورکرس کی غنڈہ گردی کا شکار ہوا ہے۔ یہ قتل 2002میں ہوا تھا۔ اسے ایک چلتی بس سے باہر کھینچ کر دن دھاڑے قتل کیا گیا تھا۔کیرلا میں جب بھی بی جے پی یا سنگھ پریوار کے کسی کارکن یا لیڈر کاقتل ہوتا ہے توکیرلا کی پولیس اپنی آنکھیں بند کرلیتی ہے۔ اور قاتلوں کا سراغ لگانے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھاتی۔ انہوں نے کیرلا کی سی پی ایم حکومت کے ذمہ داروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان دوافراد کے قاتلوں کا سراغ لگا کر انہیں فوراً گرفتار کروائے اس معاملہ میں تاخیر کی بی جے پی کڑی مذمت کرتے ہوئے سی پی ایم کی سازش قرار دیتی ہے۔کرناٹک کی بی جے پی یونٹ اس معاملہ میں خاموش نہیں بیٹھے گی اور سی پی ایم پر دباؤ ڈالنے کے لئے پر زور احتجاج کرے گی۔اور اس معاملہ میں کیرلا یونٹ بی جے پی کابھر پور تعاون کرے گی۔