کیپ ٹاؤن13اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ڈیوڈ وارنر کی بہترین سنچری کے باوجود جنوبی افریقہ نے پانچویں اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں یہاں آسٹریلیاکو31رنز سے شکست دے کر سیریز 5-0 سے جیت کر کلین سویپ کیا۔وارنر نے 136گیندوں میں 173رنز کی اننگز کھیلی لیکن انہیں دوسرے سرے سے تعاون نہیں ملا جس سے جنوبی افریقہ کے آٹھ وکٹ پر 327رنز کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 296رنز پر سمٹ گئی۔جنوبی افریقہ نے سیریز کے پانچوں میچز جیتے۔آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی دو طرفہ سیریزمیں پہلی بار تمام میچز گنوائے۔آسٹریلیا تاہم آئی سی سی ون ڈے ٹیم رینکنگ میں اپنی سب سے اوپر جگہ برقرار رکھے گاجبکہ جنوبی افریقہ اس سے دو پوائنٹس پیچھے دوسرے مقام پرہے۔اس سے پہلے جنوبی افریقہ کی جانب سے رلی روسییونے122رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جے پی ڈومنی نے 73رنز بنائے جس سے جنوبی افریقہ نے نیوزیلیڈس پر ون ڈے میچوں کا تیسرا سب سے زیادہ اسکور کھڑا کیا۔دوسری طرف قسمت نے بھی ساتھ دیا۔بائیں ہاتھ کا یہ سلامی بلے باز 11رنز بنا کر کھیل رہا تھا تب تیز گیند باز کاگسو رباندا کی گیند پر وکٹ کیپر کوٹن ڈکاک نے ان کا کیچ ٹپکا دیا۔وارنر نے اپنی اننگز کے دوران 24چوکے جڑتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں برقرار رکھا۔وہ 288رنز کے اسکور پر آؤٹ ہونے والے نویں بلے باز رہے۔وہ دوسرا رن لینے کی کوشش میں پوائنٹ باؤنڈری سے عمران طاہر کے تھرو پر رن آؤٹ ہوئے۔طاہر نے 42، کائل ایبوٹ نے 48جبکہ رباڈا نے 84رنز دے کردودو وکٹ حاصل کئے۔آسٹریلیا کی جانب سے وارنر کے علاوہ سب سے زیادہ رن ٹریوس ہیڈ اور مشیل مارش نے بنائے۔ان دونوں نے 35-35رنز کی اننگز کھیلی لیکن کافی وقت تک وارنر کا ساتھ نہیں نبھا پائے۔