ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مالاوی صدر امریکا میں پراسرار طور پر لاپتہ

مالاوی صدر امریکا میں پراسرار طور پر لاپتہ

Tue, 11 Oct 2016 16:16:35    S.O. News Service

نیویارک،11؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)براعظم افریقا کے ملک جمہوریہ مالاوی کے صدر گذشتہ ماہ سے امریکا میں پراسرار طور پر لاپتا ہیں۔ صدر کے بارے میں مصدقہ اطلاعات نہ ہونے کے باعث مالاوی میں عوامی سطح پر کئی طرح کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی خرابی صحت کی قیاس آرائیاں بھی پھیل رہی ہیں تاہم مالاوی حکومت کی طرف سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر صدر پیٹر موتھا ریکا کے بارے میں پھیلنے والی قیاس آرائیوں اور افواہوں پر یقین نہ کریں۔ جمہوریہ مالاوی کے صدر پیٹر موتھریکا 25ستمبر کو نیویارک میں جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کے لیے امریکا پہنچے تھے جس کے بعد وہ پراسرار طور پرغائب ہیں۔ 76سالہ موتھریکا نے سنہ 2014ء میں اقتدار سنبھالا تھا۔امریکی جریدہ فارن پالیسی کے مطابق مالاوی صدر کی پراسرار گمشدگی کے بارے میں مالاوی عوام میں تشویش کی لہر پائی جا رہی ہے اور صدر کے بارے میں طرح طرح کی قیاس آرئیاں کی جا رہی ہیں۔ دارالحکومت لیلونگوی میں صدر کی عدم موجودگی کے باعث حکومتی حلقے بھی پراسرار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی قیاس آرائیوں میں کہا جا رہا ہے کہ صدر ایک خطرناک مرض کا شکار ہیں اور وہ امریکا میں اس وقت زیرعلاج ہیں۔ تاہم سرکاری سطح پر اس طرح کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا جا رہا ہے۔ حکومت کے ایک وزیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر مکمل طور پر تندرست ہیں اور ان کی خرابی صحت اور بیماری کے بارے میں تمام خبریں قطعا بے بنیاد ہیں۔واشنگٹن میں قائم مالاوی سفارت خانے نے بھی صدر کی گم شدگی کے بارے میں اطلاعات کی تردید کی ہے۔ تاہم انہیں گذشتہ پندرہ دنوں سے منظرعام پر دیکھا نہیں گیا ہے اور نہ ہی ان کے بارے میں معلوم ہے کہ وہ کہاں اس کس حال میں ہیں؟۔


Share: