ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ساحلی کرناٹکا میں موسلادھار بارش؛ کاروار میں چٹان کھسکنے سے پانچ گھنٹوں کے لئے شاہراہ بند؛ انکولہ میں کئی مکانوں کو خالی کرایا گیا

ساحلی کرناٹکا میں موسلادھار بارش؛ کاروار میں چٹان کھسکنے سے پانچ گھنٹوں کے لئے شاہراہ بند؛ انکولہ میں کئی مکانوں کو خالی کرایا گیا

Tue, 11 Oct 2016 16:41:58    S.O. News Service

بھٹکل /11 اکتوبر (ایس او نیوز)  بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹکا کے اُترکنڑا میں پیر کی شب سے لگاتار بارش کا سلسلہ جاری ہے،جس کے نتیجے میں انکولہ میں کئی مکانوں کے اندر پانی گھسنے اور نقصانات ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اُسی طرح کاروار میں مُدگا پہاڑی سے چٹان اور مٹی کھسک کر قومی شاہراہ پر آجانے سے قریب پانچ گھنٹوں تک ہائی وے بند ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ بارش سے بھٹکل سمیت ہوناور اور کمٹہ وغیرہ علاقوں میں عام زندگی مفلو ج ہوکر رہ گئی ہے۔پڑوسی ضلع اُڈپی کے کنداپور اور بیندور میں ہلکی مگر مسلسل بارش ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، جس سے عام زندگی درہم برہم ہوگئی ہے۔

 کاروار کے  مُڈگا میں رات قریب 3:30 بجے پہاڑی سے مٹی اور چٹان کھسکنے سے نیشنل ہائی وے قریب چار گھنٹے تک بند رہا، بتایا گیا ہے کہ صبح سات بجے  جے سی بی کی مدد سے پولس نے ہائی وے کو صاف کیا  جس کے بعد ہی ہائی وے پر سواریوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوسکی۔ یہاں روڈ بلاک ہوجانے سے مینگلور، گوا، کاروار اور ہبلی جانے والی سواریوں کی لمبی لائن لگ گئی جس سے مسافروں کو بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہراہ بند ہوجانے سے صبح ملازمت کرنے والوں کو انکولہ سے کاروار جانے میں بھی سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر عوام نے نیشنل ہائی وے کو چار لائن میں تبدیل کرنے والی آئی آر بی کمپنی پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا۔

انکولہ سے ملی اطلاع کے مطابق رات سے جاری مسلسل بارش سے تعلقہ کے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا۔اور بالخصوص کینی، گاؤنکر واڈا اور بڈگیری دیہاتوں میں ندی کا پانی تیزی سے گھسنے سے علاقہ کے کئی مکینوں کو گھروں سے نکال کر محفوط مقامات کی طرف لے جایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کینی ندی بھرجانے سے علاقہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے عوام میں خوف وہراس کی لہر دوڑگئی۔ مقامی تحصیلدار نے فوری جائے وقوع کا معائنہ کرتے ہوئے متاثرین کو اُن علاقوں سے خالی کراتے ہوئے محفوظ مقام پر منتقل کرایا۔ بتایا گیا ہے کہ انکولہ میں فی الحال بارش رُک گئی ہے، مگر پانی نیچے نہیں اُترا ہے۔
 


Share: