بنگلورو،14؍اکتوبر(ایس اونیوز)ریاستی وزارت سے برطرفی کے بعد وزیر اعلیٰ سدرامیا کے خلاف بغاوت پر اتر آنے والے سینئر کانگریس لیڈر وی سرینواس پرساد کو بی جے پی میں شامل کرنے کیلئے ریاستی بی جے پی قائدین کافی بے تاب نظر آرہے ہیں۔ سابق نائب وزیراعلیٰ آر اشوک نے آج کہاکہ عنقریب سرینواس پرساد کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے ان کے ساتھ جو توہین آمیز سلوک کیاہے اس کی وجہ سے وہ کافی ناراض ہیں۔ اسی لئے عنقریب وہ کانگریس پارٹی کو خیر باد کہنے کی تیاری میں لگے ہوئے ہیں۔ سرینواس پرساد ایک تجربہ کار اور بزرگ سیاسی قائد ہیں۔ مرکز کی اٹل بہاری واجپائی حکومت میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا سے ان کے کافی قریبی تعلقات ہیں ، اسی لئے انہیں توقع ہے کہ سرینواس پرساد بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔ اشوک نے بتایاکہ آج مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی موجودگی میں وظیفہ یاب آئی اے ایس آفیسر اور اداکار شیورام بی جے پی میں شامل ہوئے، عنقریب اور بھی بہت سارے رہنماؤں کی بی جے پی میں شمولیت ہوگی۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ ایشورپا کی طرف سے تشکیل شدہ سنگولی راینا برگیڈ کو ایک بند باب قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فی الوقت اس معاملے میں کوئی انتشار نہیں ہے۔ ایشورپا اور یڈیورپا مل کر ہی ریاست میں پارٹی کو منظم کریں گے۔ پارٹی کے قومی سکریٹری رام لال کی ہدایت کے مطابق دونوں آنے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو دوبارہ اقتدار پر لانے کی جدوجہد کریں گے۔ اشوک نے کہاکہ پارٹی میں چھوٹے موٹے اختلافات کا ہونا فطری بات ہے۔آنے والے دنوں میں ان تمام کو سلجھالیا جائے گا۔