ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / درج فہرست طلبا کیلئے چالیس نئے اقامتی اسکول جلد: آنجنیا

درج فہرست طلبا کیلئے چالیس نئے اقامتی اسکول جلد: آنجنیا

Sun, 16 Oct 2016 12:02:38    S.O. News Service

بنگلور ، 15اکتوبر (ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے سماجی بہبود ایچ آنجنیا نے کہا کہ امسال درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے طلبا کیلئے حکومت 40 نئے اقامتی اسکول قائم کرے گی۔ آج شہر میں منعقدہ والمیکی جینتی تقریبات کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرکاری زمینات کی نشاندہی کرکے وہیں پر ان نئے اقامتی اسکولوں کی تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع اور تعلقہ جات میں والمیکی بھون کی تعمیر کیلئے 300 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ چترادرگہ میں ایک عالیشان والمیکی بھون کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ ریاست میں ایک والمیکی ریسرچ سنٹر قائم کرنے کیلئے دس ایکڑ زمین بنگلور رورل میں دیکھی جارہی ہے ۔ اس کیمپس میں ایک عالیشان تعلیمی ادارہ بھی قائم کیاجائے گا۔ درج فہرست طبقات کی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر اس سنٹر میں تحقیق وترویج کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے اس سنٹر کیلئے زمین کی فراہمی کا مکتوب بھی جاری کیا جائے گا۔اس مرکز میں والمیکی فرقہ سے وابستہ طلبا کو کے اے ایس ،آئی اے ایس اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر موصوف نے کہاکہ ایس سی / ایس ٹی فرقہ سے تعلق رکھنے والے ہر طالب علم کو ماہانہ گیارہ سو روپیوں کے حساب سے مشاہرہ ادا کیا جارہاہے۔ تعلیم مکمل ہونے تک ان بچوں کو یہ سہولت مہیا کرائی جائے گی۔ اس موقع پر والمیکی اعزاز یافتہ سابق وزیر ویرنا ، رکن کونسل اگرپا، مرکزی وزیر ڈی وی سدانند گوڈا اور دیگر نے خطاب کیا۔ تقریب میں اسمبلی اسپیکر کے بی کولیواڈ اور دیگر والمیکی طبقے کے لیڈران موجود تھے۔


Share: