پونے 25/نومبر (ایس او نیوز): مہاراشٹرا کے پونے شہر میں ایک انجینئرنگ کالج کے قریب پیش آئے المناک سڑک حادثے میں تین طلبہ ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار مال بردار گاڑی بے قابو ہوکر بس اسٹاپ پر کھڑے طلبہ کو روندتے ہوئے آگے بڑھ گئی۔
حادثہ بدھ 25 نومبر کو دوپہر تقریباً 2:30 بجے پونے کے یوالے واڑی علاقے میں بوپ دیو گھاٹ کے قریب واقع ٹرینیٹی کالج آف انجینئرنگ اینڈ ریسرچ (Trinity College of Engineering and Research) کے مرکزی دروازے کے پاس پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گاڑی بوپ دیو گھاٹ سے ڈھلان پر اتر رہی تھی کہ اس نے آگے چل رہی ایک ہنڈائی وینیو کار کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ اس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہیں رکھ سکا اور گاڑی سڑک کنارے واقع بس اسٹاپ پر کھڑے طلبہ سے جا ٹکرائی ۔
حادثے میں زخمی ہونے والے طلبہ کو فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، تاہم ان میں سے تین نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ مہلوکین کی شناخت سدھیش راجے، وشال ڈانگڈے اور موہنی چودھری کے طور پر کی گئی ہے۔ ان کی عمریں 20 سے 22 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ سدھیش اور وشال کمپیوٹر سائنس کے تیسرے سال کے طالب علم تھے، جبکہ موہنی ایم سی اے کی تعلیم حاصل کررہی تھیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دیگر پانچ طلبہ میں دو طلبہ کی شناخت شویتا تالیکر اور سوہم گھنگالے کے طور پر ہوئی ہے۔ انہیں بالترتیب روبی ہال کلینک اور انعامدار اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
پولیس نے مال بردار گاڑی ڈرائیور پرتیک ماروتی چوہان (22) کو حراست میں لے لیا ہے اور طبی معائنے کے لیے اسے ساسون اسپتال بھیجا گیا ہے۔ پولیس نے حادثے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔