ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 12ہزار فٹ بلندی پر پھنسے تمام سیاحوں کو بچا لیا گیا

12ہزار فٹ بلندی پر پھنسے تمام سیاحوں کو بچا لیا گیا

Fri, 09 Sep 2016 17:00:53    S.O. News Service

پیرس،9ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)فرانس میں حکام کے مطابق پہاڑی سلسلے ایلپس میں کیبل کاریں خراب ہونے کی وجہ سے پھنس جانے والے تمام سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔یہ امدادی آپریشن جمعرات کی شب کیبل کار میں گزارنے والے 33افراد کو بحفاظت نکالے جانے کے بعد مکمل ہوا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی دوپہر ماؤنٹ بلانک کے گلیشیئرز کے اوپر 12ہزار فٹ کی بلندی پر 110سیاح اس وقت کیبل کاروں میں پھنس گئے تھے جب تیز ہواؤں کی وجہ سے وہ آہنی رسے آپس میں الجھ گئے جن پر یہ کاریں چلتی ہیں۔جمعرات کو 48افراد کو ہیلی کاپٹروں سے ذریعے نکالا گیا تھا جبکہ زمین کے قریب موجود کیبل کاروں پھنسے 30افراد کو رسیوں کے ذریعے اتار لیا گیا تھا۔جمعرات کی شب تاریکی کی وجہ سے جب ریسیکیو آپریشن رکا تو ایک دس سالہ بچے سمیت 33افراد وہاں موجود تھے جنھوں نے یہ شب ہوا میں معلق کیبل کاروں میں گزاری۔کیبل کاروں میں موجود افراد کو کمبل، قوت بخش خوراک اور پانی کی بوتلیں پہنچا دی گئی تھیں۔جمعے کی صبح امدادی کارروائیاں دوبارہ شروع ہوئیں اور چند گھنٹوں کے دوران ان 33افراد کو بھی بحفاظت اتار لیا گیا۔مقامی پولیس کے سربراہ سٹفین بوزون نے جمعے کو امدادی آپریشن کے حوالے سے خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ ہم رات بھر ان کے ساتھ رابطے پر رہے تھے، اور لوگوں کو ٹھنڈ لگ رہی تھی۔امدادی آپریشن میں فرانسیسی، اطالوی اور سوئس ٹیمیں شریک تھیں اور انھیں تین ہیلی کاپٹروں کی مدد حاصل تھی۔خیال رہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کیبل کار فرانس میں واقع ایگوئیل ڈی میڈی نامی چوٹی کو اٹلی میں واقع پوائنٹ ہیلبرونر سے جوڑتی ہے اور اس سفر کے دوران سیاحوں کو ماؤنٹ بلانک کے مسحور کن نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔


Share: