مینگلورو، 23 اگست (ایس او نیوز): مینگلورو کے کسبا بینگرے میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں 25 سالہ محمد ثناء اللہ ندی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ یہ حادثہ فیری پوائنٹ کے قریب پیش آیا۔
ذرائع کے مطابق کچھ بچے ندی کے کنارے فٹبال کھیل رہے تھے کہ ان کی گیند ندی میں جاگری۔ بچوں کی مدد کے لیے محمد ثناء اللہ گیند نکالنے کی غرض سے ندی میں اتر گئے، تاہم وہ پانی میں ڈوب گئے۔

بتایا گیا ہے کہ بچوں کو فوری طور پر اس بات کا اندازہ نہیں ہوسکا کہ ثناء اللہ ندی میں ڈوب گئے ہیں، جس کے باعث مقامی لوگوں کو واقعے کی اطلاع ملنے میں کچھ تاخیر ہوئی۔ بعد ازاں کئی نوجوان ندی میں اتر گئے اور ثناء اللہ کو تلاش کرکے پانی سے باہر نکالا۔ انہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتال لے جایا گیا، تاہم علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہوسکے۔
اس المناک حادثے سے کسبا بینگرے میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔