ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور: تھوکوٹو کے ہوٹل پر فوڈ سیفٹی افسر کی اچانک کارروائی، کاکروچ کی شکایت پر کچن کا معائنہ

مینگلور: تھوکوٹو کے ہوٹل پر فوڈ سیفٹی افسر کی اچانک کارروائی، کاکروچ کی شکایت پر کچن کا معائنہ

Wed, 26 Aug 2026 12:17:42    S O News
مینگلور: تھوکوٹو کے ہوٹل پر فوڈ سیفٹی افسر کی اچانک کارروائی، کاکروچ کی شکایت پر کچن کا معائنہ

منگلورو، 26 اگست (ایس او نیوز): سالن میں کاکروچ پائے جانے کی ایک گاہک کی شکایت کے بعد ضلعی فوڈ سیفٹی نامزد افسر ڈاکٹر پروین کمار نے اُلال کے تھوکوٹو میں واقع ورنداون ہوٹل کا اچانک معائنہ کیا۔ یہ کارروائی عید میلاد کی سرکاری تعطیل کے روز کی گئی، جس کے باعث مقامی سطح پر کارروائی کے طریقۂ کار کو لے کر بھی سوالات اٹھائے گئے۔

اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر پروین کمار منگل کو دوپہر تقریباً 1:30 بجے محکمہ کے ڈرائیور لوکیش کے ہمراہ سرکاری گاڑی میں ہوٹل پہنچے۔ انہوں نے ہوٹل کا شٹر گرا کر کچن کا معائنہ کیا اور وہاں صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈاکٹر پروین کمار کے مطابق ایک صارف نے سالن میں کاکروچ پائے جانے کی شکایت کی تھی، جس کے بعد ہوٹل کا معائنہ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوٹل کے کچن میں غذائی اشیاء ذخیرہ کرنے کے لیے کوئی الگ کمرہ موجود نہیں تھا اور مختلف کھانے پینے کی اشیاء کو مناسب انتظام کے بغیر جگہ جگہ رکھا گیا تھا۔

معائنے کے دوران غذائی اشیاء کو ہٹوا کر کچن کی صفائی کرائی گئی اور ہوٹل انتظامیہ کو ہدایت دی گئی کہ کھانے پینے کی اشیاء کو الگ الگ اور مناسب طریقے سے ترتیب دے کر محفوظ رکھا جائے۔ ڈاکٹر پروین کمار کے مطابق صفائی کے ناقص انتظامات پر ہوٹل مالک کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور معاملہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا۔

تاہم کارروائی کے طریقۂ کار نے مقامی تاجروں کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کرائی۔ مقامی ذرائع کے مطابق تعطیل کے دن ضلعی سطح کے ایک افسر کا صرف محکمہ کے ڈرائیور کے ہمراہ شکایت کی بنیاد پر ہوٹل پہنچنا اور شٹر گرا کر اندر معائنہ کرنا مقامی لوگوں کے لیے باعثِ حیرت تھا۔ بعض تاجروں نے کارروائی کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہوئے میڈیا نمائندوں کو بھی موقع پر طلب کیا۔

میڈیا نمائندوں کی موجودگی میں فوڈ سیفٹی حکام نے سبزیوں اور ایک ڈبے پر موجود ایک دو کاکروچ کے بچوں کی نشاندہی کی۔ بعد ازاں ہوٹل مالک کے موقع پر پہنچنے پر افسر نے ان کا موبائل نمبر حاصل کیا اور کارروائی ختم کرکے وہاں سے روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ڈاکٹر پروین کمار کی قیادت میں فوڈ سیفٹی محکمہ کی ٹیم نے منگلورو میں میک ڈونلڈز، کے ایف سی سمیت بعض معروف ریسٹورنٹس کا معائنہ کیا تھا، جس کے بعد یہ کارروائیاں خاصی توجہ کا مرکز بنی تھیں۔

مقامی تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ تھوکوٹو سمیت منگلورو کے مختلف علاقوں میں ہوٹلوں اور کھانے پینے کے مراکز میں صفائی کے ناقص انتظامات کی شکایات سامنے آتی رہتی ہیں۔ ان کے مطابق فوڈ سیفٹی محکمہ اگر باقاعدگی سے ہوٹلوں اور غذائی اشیاء فروخت کرنے والے مراکز کا معائنہ کرے اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں بیداری پیدا کرے تو ایسے معاملات کو شکایات موصول ہونے کے بعد کارروائی کرنے کے بجائے پہلے ہی روکا جاسکتا ہے۔


Share: