وجئے پور، 27/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) وجئے پور شہر کے مضافاتی علاقے میں واقع بھوت نال تالاب سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گھریلو تنازع کے بعد خاتون اپنے بچوں سمیت گھر سے نکلی تھی اور پولیس کو شبہ ہے کہ خاندان نے تالاب میں کود کر اجتماعی خودکشی کی ہوگی۔ تاہم واقعے کی اصل وجہ پولیس کی مکمل تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔
متوفین کی شناخت 45 سالہ شوپا جالگیری، ان کی بیٹی 16 سالہ ودیا، 14 سالہ سُورنّا، 10 سالہ گوڈیش، 7 سالہ سانیکا اور 5 سالہ وکاس کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق 23 اگست کو شوپا کا اپنے شوہر ملکاری کے ساتھ گھریلو معاملے پر جھگڑا ہوا تھا۔ مبینہ طور پر شوپا نے خودکشی کرنے کی بات کہی اور گھر سے نکل گئی تھیں۔ اس کے بعد 24 اگست کو وجئے پور دیہی پولیس تھانے میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی تھی۔
بدھ کی صبح بھوت نال تالاب کے قریب چہل قدمی کے لیے آنے والے سنتوش نامی شخص نے پانی میں لاشیں تیرتی ہوئی دیکھیں اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور لاشوں کو تالاب سے باہر نکالنے کی کارروائی شروع کی۔
وجئے پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ لکشمن نمبارگی نے بھی جائے وقوعہ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا۔ ابتدائی تحقیقات کی بنیاد پر پولیس نے اجتماعی خودکشی کا شبہ ظاہر کیا ہے، تاہم موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی جانچ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
اس سلسلے میں آدرش نگر پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس خاندان کے حالات، گھریلو تنازع اور دیگر ممکنہ وجوہات سمیت تمام پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔