لاتور 17/اکتوبر (ایس او نیوز/پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے شعبہ اصلاح معاشرہ کے تحت مراٹھواڑہ میں دس روزہ اصلاح معاشرہ بیداری مہم زوروشور سے جاری ہے،روزانہ مختلف علاقوں میں مردوں اورخواتین کے اجلاس منعقدہو رہے ہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں برادران اسلام اور خواتین شریک ہو رہے ہیں، مورخہ ۱۵؍اکتوبر اتوار کو بعد نما ز مغرب مرکز مسجد روڈ( لاتور) میں بھی ایک جلسۂ عام بعنوان ’’طلاق بہانہ شریعت نشانہ‘‘منعقد ہوا ،جس کی صدارت دارالقضاء مالیگاؤں کے قاضی شریعت حضرت مولانا مفتی حسنین محفوظ نعمانی صاحب نے فرمائی۔
آغاز میں مولانا جنید الرحمن آزاد قاسمی صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمان اپنے شرعی معاملات کے سلسلے میں دارالقضا ء سے رجوع ہوں، اور اپنے آپ کو اسلامی قوانین کا پابند بنائیں،مولانا اسماعیل قاسمی(خلیفہ پیرذوالفقار صاحب) مولانا آصف مجتبیٰ صاحب اور مولانا اسرائیل صاحب نے بھی موقع کی مناسبت سے مفید اصلاحی گفتگو کی ،اخیر میں صدر اجلاس حضرت مولانا مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی صاحب نے اپنے فکرانگیز خطاب میں مسلمانوں سے کہا کہ حکومت کیا کر رہی ہے اس سے قطع نظرہم اس پر بھی غور کریں کہ ہم کیا کر رہے ہیں اور اپنے دین وایمان کے تحفظ کے سلسلے میں ہماری ذمہ داریاں کیا ہیں؟ آپ نے کہاکہ مسلمان اپنے دین و مذہب پر مضبوطی سے عمل پیراہوجائیں ،یہ دین کے تحفظ کا سب سے بڑا ذریعہ ہے،اور اسی میں دنیاو آخرت کی بھلائی پوشیدہ ہے،آپ نے شادی بیاہ کوآسان بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کاارشاد ہے :نکاح میں جتنا کم خر چ کیا جائے گا اتنی ہی زیادہ خیروبرکت ہو گی۔
اس جلسے میں مولانا اسرائیل صاحب کو اصلاح معاشرہ کمیٹی لاتور کاکنوینر منتخب کیا گیااوراسلامی قوانین میں ترمیم اورتبدیلی کی کوششوں کے خلاف تمام حاضرین کی متفقہ رائے سے ایک قرارداد بھی منظور کی گئی،اسٹیج پر مختلف مکاتب فکر کے نمائند ہ حضرات تشریف فرماتھے جن میں مولانا عبدالغفور، محسن ابرارخاں صاحب ، ستار بھائی، آصف باغبان ،سیاح خاں قابل ذکر ہیں۔مفتی صاحب کی دعا پر یہ جلسہ بحسن وخوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔