ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناور : بنیادی سہولتوں کا فقدان - بھاری برسات ۔ لاش کندھوں پر اٹھا کر بھری ہوئی ندی پار کرنے پر مجبور گاوں والے

ہوناور : بنیادی سہولتوں کا فقدان - بھاری برسات ۔ لاش کندھوں پر اٹھا کر بھری ہوئی ندی پار کرنے پر مجبور گاوں والے

Sat, 04 Jul 2026 19:41:29    S O News
ہوناور : بنیادی سہولتوں کا فقدان - بھاری برسات ۔ لاش کندھوں پر اٹھا کر بھری ہوئی ندی پار کرنے پر مجبور گاوں والے

ہوناور،  4 / جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے دوڈا ہیتلا کیری میں بنیادی سہولتوں کا اس حد تک فقدان ہے کہ گاوں سے رابطے کی سڑک نہ ہونے کی وجہ سے گاو ں والے بھاری برسات کے موسم میں لاش کو کندھوں پر اٹھا کر ندی پار کرنے مجبور ہوگئے ۔

بتایا جاتا ہے اس گاوں کا رہائشی کرسٹین روڈرگس علالت کے بعد فوت ہوگیا ۔ آخری رسومات انجام دینے کے لئے لاش کو گاوں سے باہر لے جانا تھا ۔ اس دوران گاوں سے رابطے کے لئے پل یا سڑک نہ ہونے کی وجہ سے   بھاری برسات کے نتیجے میں طغیانی کی حالت میں بہتی ہوئی بھاسکیری ندی سے لاش کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر گزرنا پڑا ۔

معلوم ہوا ہے کہ پچاس سے زیادہ گھروں والے دوڈاہیتلا کیری اور گجنی کیری میں دوسرے گاوں کو جوڑنے کے لئے آج بھی مناسب سڑک یا پُل کی سہولت دستیاب نہیں ہے ۔ برسات کے دنوں میں جب اس ندی میں پانی کا بہاو زیادہ ہو جاتا ہے اور طغیانی کی سی کیفیت پیدا ہوتی ہے تب گاوں والوں کو اپنی جان جوکھم میں ڈال کر اسی ندی سے پیدل گزرنا پڑتا ہے ۔

مقامی لوگوں کو الزام ہے کہ اس مسئلے کو مستقل طور پر حل کرنے کے ضمن میں متعلقہ رکن اسمبلی کو متعدد بار یاد داشت دی جا چکی ہے مگر آج تک اس پر کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔

دوسری طرف کمٹہ حلقہ اسمبلی میں شامل اس علاقے کے رکن اسمبلی دینکر شیٹی (بی جے پی) نے بتایا کہ سڑک کے مسئلے پر مجھے کسی نے بھی کوئی میمورنڈم نہیں دیا ہے ۔ ہمارے حلقے میں اس طرح کے مسائل بہت جگہ موجود ہیں ۔ کوسٹل اتھاریٹی کی طرف سے اس دفعہ صرف 25 لاکھ روپوں کا فنڈ فراہم کیا گیا ہے ۔ جب ہماری حکومت تھی تو اُس وقت میں  نے دو کروڑ روپے لائے تھے ۔ اب فنڈ کم ہو جانے کی وجہ سے ایسے مسائل کو  حل کرنا ہی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔ پھر جتنی جلدی ممکن ہوگا اسے حل کیا جائے گا ۔

لاش کو اس طرح بھری ہوئی ندی سے کندھوں پر اٹھا کر پیدل گزرنے کے اس واقعے کے پس منظر میں گاوں والوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ سے پھر ایک مرتبہ اپیل کی ہے کہ گاوں کے لئے بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی طرف فوراً توجہ دی جائے ۔ 


Share: