
بھٹکل، 4 / جون (ایس او نیوز) مرڈیشور میں رنجش کی وجہ سے ایک شخص کی طرف سے کار سے کار ٹکرا کر جان سے مارنے کی کوشش کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں متعلقہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ماولی مرڈیشور کے رہنے والے گنیش جینت نائک (24 سال) نامی شخص نے شکایت درج کروائی تھی کہ کل دوپہر کے وقت جب وہ اپنی کار میں سڑک گزر رہا تھا تو پرانی دشمنی کی وجہ سے رہتیک منجو ناتھ نائک (26 سال) نے اپنی کار کو سامنے لا کر اس کی کار سے ٹکرانے اور جان سے مار ڈالنے کوشش کی ۔
شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ جب اس نے بچ نکلنے کے لئے اپنی کار کی رفتار تیز کر دی تو رہتیک نے پیچھا کرتے ہوئے اس کی کار کو پیچھے سے زوردار ٹکر ماری جس کے نتیجے میں اس کی کار بے قابو ہو کر قریب میں واقع ایک مکان کے کمپاونڈ سے ٹکرا گئی اور کار کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ۔
مرڈیشور پولیس نے اس ضمن میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم رہتیک منجوناتھ نائک کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں سے اس کو عدالتی حراست کے تحت کارروار جیل میں بھیج دیا گیا ہے ۔