بھٹکل 28 جون (ایس او نیوز): بنگلورو کے کے آر پورم کے قریب پیش آئے ایک ہولناک سڑک حادثے میں بھٹکل کی 22 سالہ نوجوان خاتون دیپالی گرو گونڈا جان کی بازی ہار گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ دیپالی گزشتہ سات ماہ سے بنگلورو کی ایک نجی کمپنی میں ملازمت کر رہی تھیں۔ وہ اپنے ساتھی ملازمین کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد مسافر بردار ٹمپو کے ذریعے واپس لوٹ رہی تھیں کہ راستے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق کے آر پورم کے قریب گاڑی کے ڈرائیور نے سڑک کنارے رفعِ حاجت کے لیے گاڑی روک دی تھی۔ اس دوران زیادہ تر مسافر گاڑی سے نیچے اتر گئے، جبکہ دیپالی سمیت تین افراد گاڑی کے اندر ہی موجود تھے۔ اسی دوران تیز رفتار ایک لاری نے پیچھے سے آکر اس پارک ٹمپو کو زور دار ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ الٹ گیا۔
حادثے میں اس کے سر اور جسم کے اندرونی حصوں میں شدید چوٹیں آئی اور اسپتال منتقل کیے جانے سے پہلے ہی وہ دم توڑ گئیں۔ حادثے میں ایک اور نوجوان خاتون بھی زخمی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد شدید ٹریفک جام کے باعث ایمبولینس کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں تقریباً دو گھنٹے لگ گئے، جس سے امدادی کارروائی بھی متاثر ہوئی۔
واقعے کے سلسلے میں کے آر پورم ٹریفک پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دیپالی اپنے والدین کی بڑی بیٹی تھیں۔ ان کی اچانک موت سے اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔ ان کی میت آبائی گاؤں بیلکے لائی گئی، جہاں آخری رسومات ادا کی گئیں۔ نوجوان خاتون کی المناک موت کی خبر سے پورے گاؤں میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ رشتہ داروں اور مقامی افراد نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔