ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل بندر روڈ پر موٹر سائیکل کی درخت سے ٹکر، ایک ہلاک، دوسرا شدید زخمی

بھٹکل بندر روڈ پر موٹر سائیکل کی درخت سے ٹکر، ایک ہلاک، دوسرا شدید زخمی

Sun, 28 Jun 2026 16:37:29    S O News
بھٹکل بندر روڈ پر موٹر سائیکل کی درخت سے ٹکر، ایک ہلاک، دوسرا شدید زخمی

بھٹکل، 28 جون (ایس او نیوز): بھٹکل کے بندر روڈ پر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں بے قابو موٹر سائیکل سڑک کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پچھلی سیٹ پر سوار ایک نوجوان جاں بحق جبکہ موٹر سائیکل چلانے والا شدید زخمی ہوگیا۔ اس بات کی اطلاع اتوار کو ملی۔

ذرئع کے مطابق،جمعہ دیر رات تقریباً 11:45 بجے، بیلکے گاؤں کے گرڈی ہتّلو کے رہائشی سمید نارائن نائک اپنی ٹی وی ایس اپاچی موٹر سائیکل پر مدھور منجوناتھ نائک کو پچھلی سیٹ پر بٹھا کر شمس الدین سرکل سے بندر روڈ کی جانب جا رہا تھا۔ بندر روڈ سیکنڈ کراس کے قریب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل بے قابو ہوکر سڑک کنارے موجود ایک درخت سے جا ٹکرائی۔

حادثے کی شدت سے دونوں سوار سڑک پر جا گرے۔ مدھور منجوناتھ نائک کے سینے، کمر اور ہاتھ پر شدید چوٹیں آئیں۔ اسے فوری طور پر سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

حادثے میں زخمی ہونے والے موٹر سائیکل سوار سمید نارائن نائک کو بھی بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا، تاہم شدید زخمی ہونے کی بناء پر اسے بعد میں اڈپی کے ایک پرائیویٹ اسپتال منقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، متوفی مدھور منجوناتھ نائک بجرنگ دل کا سرگرم رکن تھا۔ اس کی موت کی اطلاع ملتے ہی سرکاری اسپتال کے باہر رشتہ داروں، دوستوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ بعد ازاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔

اس سلسلے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں سمید نارائن نائک کے خلاف تیز رفتاری اور لاپرواہی سے موٹر سائیکل چلانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔


Share: